امریکہ کے نائب صدر جو بائیڈن اسرائیل اور اردن کے دورے سے قبل پیر کو ابو ظہبی کے ولی عہد سے ملاقات کر رہے ہیں۔
بائیڈن نے پیر کو اپنے دورے کا آغاز ابو ظہبی کی شیخ زائد مسجد کے دورے سے کیا۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق اس دورے میں خطے میں امریکہ اقتصادی اور توانائی سے متعلق مفادات کے علاوہ ایران اور شام میں سکیورٹی صورتحال بات چیت کی جائے گی۔
وائٹ ہاؤس نے کہا کہ بائیڈن اور ان کی اہلیہ جل ابو ظہبی میں تعینات امریکی فورسز سے بھی ملاقات کریں گے۔
جل بائیڈن متحدہ عرب امارات میں عورتوں کو بااختیار بنانے کی کوششوں کے متعلق ایک تقریب میں شرکت کریں گی۔
منگل کو اسرائیل روانہ ہونے سے قبل وہ دبئی جائیں گے۔
اسرائیل کے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو بدھ کو جو بائیڈن سے مذاکرات کریں گے۔
اس ملاقات سے قبل نیتن یاہو نے کہا کہ یہ دورہ اسرائیل اور امریکہ کے درمیان مضبوط تعلقات کی نشاندہی کرتا ہے اور وہ لوگ جنہوں نے ان کے تعلقات میں دراڑ کی پیش گوئی کی تھی وہ غلط ثابت ہو گئے ہیں۔
جو بائیڈن بدھ کو فلسطینی صدر محمود عباس سے بھی ملاقات کریں گے اور جمعرات کو اردن کے شاہ عبداللہ دوم سے ملاقات کریں گے۔