پاکستانی باکس آفس پر ایک طویل مدت کے بعد قابل ذکر فلمی میلہ سجنے جا رہا ہے جس کی سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ اس میں پاکستان کی 14اور بھارت کی صرف ایک فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ نمائش کے لئے پیش کی جائے گی۔
چودہ پاکستانی فلموں میں 5 اردو، 2 پنجابی اور7 پشتو فلمیں شامل ہیں۔ ان میں یاسر نواز کی ’رانگ نمبر‘، مومنہ درید کی ’بن روئے‘، کامران اکبرخان کی ’ہلا گلا‘، عاصمہ بٹ کی ’فکرناٹ‘ اور لیاقت علی خان کی’بازار‘ شامل ہیں۔
پاکستانی فلموں کی کامیابی کے بارے میں ابھی تک فلمی تجزیہ نگار خاموش ہیں۔ لیکن، ’بجرنگی ۔۔۔‘ کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ اس کی غیرمعمولی کامیابی کے امکانات زیادہ ہیں، کیونکہ گزشتہ کئی برسوں سے سلمان خان کی عید پر ریلیز ہونے والی تمام فلمیں بلاک بسٹر ثابت ہوئی ہیں۔
’بجرنگی بھائی جان‘ بمقابلہ ’بن روئے‘
’بجرنگی۔۔‘ کے مقابلے میں جس پاکستانی فلم کو پیش پیش کہا جا رہا ہے وہ ’ہم ٹی وی نیٹ ورک‘ کی ’بن روئے‘ ہے۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ’بن روئے‘ صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں ریلیز کی جا رہی ہے اور فلم کی ڈسٹری بیوشن اور پروموشن کی ذمے داری بھی ایک بھارتی کمپنی بالی ووڈ فور یو‘ (بی 4 یو) کو دی گئی ہے اور اس حوالے سے باقاعدہ ایک معاہدہ بھی طے پایا ہے۔
ہم نیٹ ورک کے عہدیدار صغیر منہاس نے معاہدے پر دستخط کے حوالے سے دبئی میں ہونے والی تقریب سے متعلق ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ ’بی فور یو کی جانب سے اس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایشان سکسینہ نے شرکت کی جن کا کہنا تھا کہ ہم نیٹ ورک پاکستانی کمیونٹی کے لئے معیاری ڈرامے تخلیق کرنے میں پیش پیش ہے تو ہم اس کی فلموں کو پروموٹ کرنے میں پیش پیش رہیں گے۔ ہم ’بن روئے‘ کو دنیا بھر کی اہم مارکیٹس تک رسائی دینے میں کوشاں رہیں گے۔‘
اس موقع پر ہم نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر دُرید قریشی بھی موجود تھے جن کا کہنا تھا کہ ’ہم نیٹ ورک‘ اور ’بی فور یو‘ کا اشتراک ’بن روئے‘ کو دنیا بھر کے ناظرین تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔‘