پاکستان کرکٹ بورڈ نے خواتین کرکٹ ٹیم میں تبدیلیاں کرتے ہوئے ثناء میر کی جگہ بسمہ معروف کو کپتان مقرر کردیا ہے جبکہ ٹیم کی جنرل مینیجر کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان ثناء میر کو ون ڈے کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے ہٹا دیا گیا ہے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کو ایک روزہ میچز کی بھی ٹیم کی قیادت سونپ دی گئی ہے۔ ثناء میر کو ایک روزہ میچز اور ٹی 20 ٹیم کی سلیکشن کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق ٹیم مینیجر عائشہ اشعر کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے اور ویمنز کرکٹ ٹیم کی جنرل مینیجر شمسہ ہاشمی بھی عہدے پر برقرار نہیں رہی ہیں جبکہ نئے جی ایم کی تقرری تک عائشہ اشعر قائم مقام جی ایم ہوں گی۔
مزید برآں بتایا گیا کہ تمام تر تبدیلیاں حالیہ خواتین کے کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کی خراب کارکردگی کے باعث کی گئیں۔ یہ تبدیلیاں کوچ، کپتان، ٹیم مینیجر اور چیف سلیکٹر کی رپورٹس پر کی گئی۔
خواتین کرکٹ ٹیم میں تبدیلیوں پر چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ تمام تبدیلیاں موجودہ حالات کا جائزہ لینے کے بعد کی گئیں اور ان کا مقصد پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو مضبوط کرنا اور ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے امید ظاہر کی کہ ویمنز ٹیم مینجمنٹ اور ویمنز کرکٹ ٹیم دونوں بہتر ہو جائیں گی۔