امریکی حکام نے کہا ہے کہ وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے محکمہ خارجہ میں بھارتی ہم منصب جے شنکر سے ملاقات کے دوران کینیڈین شہری ہردیپ سنگھ نجر کے قتل سے متعلق امریکہ کے تحفظات سامنے رکھے ہیں۔اس سے پہلے امریکی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں ہردیپ سنگھ کا کوئی ذکر نہیں تھا۔
یہ ملاقات ایسے میں ہوئی جب امریکہ کینیڈا اور بھارت کے درمیان تنازعے کے حل کا کوئی راستہ نکالنے کی کوشش کررہا ہے جو خطے میں چین کے بڑھتے ہوئے اثر رسوخ سے مقابلے کے لیے اس کی انڈو پیسیفک اسٹریٹیجی میں اہم ہیں ۔
اس سے قبل امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا تھا کہ ، ہم نے اس معاملے پر بھارتی حکومت کے ساتھ مسلسل بات کی ہے اور اس پر تعاون کے لیے زور دے چکے ہیں ۔
جمعرات کی صبح ، کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ انہیں بتایا گیا ہے کہ بلنکن اس معاملے پر بات کریں گے اور ہلاکت کی کسی تفتیش میں بھارتی حکومت کےتعاون کے لیے حوصلہ افزائی کریں گے۔
ٹروڈو نے کہا کہ امریکیوں نے بھارتی حکومت سے اس بارے میں بات کرنے میں ہمارا ساتھ دیا ہے کہ یہ بات کتنی اہم ہے کہ وہ ان قابل بھروسہ الزامات کی چھان بین میں شامل ہو کہ بھارتی حکومت کے ایجنٹوں نے کینیڈا کی سر زمین پر ایک کینیڈین شہری کو ہلاک کیا ہے ۔
مانٹریال میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ، یہ ایسا معاملہ ہے کہ جسے تمام جمہوری ملکوں ، اور قانون کا احترام کرنے والے تمام ملکوں کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے ۔ اور ہم اپنے تمام شراکت داروں کے ساتھ ، جن میں بھارتی حکومت شامل ہے ،سوچ سمجھ کر ، ذمہ دارانہ طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں ۔
اپنے بیانات میں ٹروڈو نے کہا ہےکہ کینیڈا ، بھارت کے ساتھ تعلقات میں دراڑیں نہیں چاہتا لیکن اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ، جیسا کہ ہم نے گزشتہ سال اپنی انڈو پیسیفک اسٹریٹیجی میں کہا تھا کہ ہم بھارت کے ساتھ قریبی تعلقات تشکیل دینے کے بارے میں بہت سنجیدہ ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ ہمیں اس پر زور دینے کی بھی ضرورت ہے کہ بھارت کو یہ یقینی بنانے کے لیے کینیڈا کے ساتھ کام کرنا ضروری ہے کہ ہم اس معاملے کے بارے میں مکمل حقائق حاصل کر سکیں ۔
( اس رپورٹ کا مواد اے پی سے لیا گیا ہے۔)
فورم