رسائی کے لنکس

تھائی لینڈ : خانقاہ سے شیر کے بچوں کی درجنوں لاشیں برآمد


فائل فوٹو
فائل فوٹو

تھائی لینڈ کے قومی پارکوں سے متعلق محکمے کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ انہیں شیر کے بچوں کی یہ لاشیں اس وقت ملیں جب وہ بڑے زندہ شیروں کو کنچنابیوری کے صوبے میں واقع ایک خانقاہ سے کسی دوسری جگہ منتقل کر رہے تھے۔

تھائی لینڈ کے حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک خانقاہ سے بدھ کو شیر کے بچوں کی چالیس لاشیں برآمد کی ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ اس خانقاہ کے اندر ایک چڑیا گھر بھی موجود ہے جہاں ایک فریزر کے اندر ان لاشوں کو رکھا گیا تھا۔

تھائی لینڈ کے قومی پارکوں سے متعلق محکمے کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ انہیں شیر کے بچوں کو یہ لاشیں اس وقت ملی جب وہ بڑے زندہ شیروں کو کنچنابیوری کے صوبے میں واقع ایک خانقاہ سے کسی دوسری جگہ منتقل کر رہے تھے۔

حکام کی طرف سے یہ اقدام خانقاہ سے متعلق جنگلی جانوروں کی غیر قانونی افزائش اور اسملگنگ کے الزامات سامنے آنے کے بعد اٹھایا گیا۔

امریکی خبر رساں ادارے 'اے پی' نے قومی پارکوں کے محکمہ کے ایک عہدیدار انوسورن نوچڈمرانگ کے حوالے سے بتایا کہ شیر کے بچوں کی لاشیں اس فریزر میں رکھی گئی تھیں جس میں خانقاہ کا عملہ کھانا رکھتا ہے۔

انوسورن خانقاہ میں موجود 137 شیروں کو دوسری جگہ منتقل کرنے کے عمل کی نگرانی کررہے ہیں اور ان کا کہنا ہے اب تک 40 شیروں کو یہاں سے باہر منتقل کر دیا گیا ہے۔

"ہمیں یہ معلوم نہیں کہ خانقاہ نے ان شیر کے بچوں (کی لاشوں) کو فریزر میں رکھنے کا کیوں فیصلہ کیا ۔ ۔۔ہم ان لاشوں کو ڈین این اے ٹیسٹ (جنیاتی تجزے) کے لیے لے جائیں گے"۔

دوسری طرف خانقاہ کے فیس بک صفحے پر مارچ میں بتایا گیا تھا کہ خانقاہ کے جانوروں کے ڈاکٹر نے شیروں کے ان بچوں کو دفن کرنا بند کر دیا جو پیدائش کے فوری بعد مر جاتے تھے۔

تاہم شیر کے بچوں کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد خانقاہ کی طرف سے نا تو کوئی بیان سامنے نہیں آیا نا ہی انہوں نے اس معاملے کے بارے میں کوئی بات کی ہے۔

تھائی لینڈ کے صوبے کنچنابیوری میں واقع یہ خانقاہ سیاحوں میں بہت مقبول ہے تاہم اسے ان الزمات کے بعد کہ یہاں پر جانوروں کی مناسب دیکھ بھال نہیں کی جاتی ہے جانوروں کے حقوق و تحفظ کےلیے سرگرم کارکنوں کی طرف سے تنقید کا سامنا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG