توقع ہے کہ پیر کے روز امریکہ کی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ ریاست فلوریڈا کی ایک تنصیب میں، جسے خلائی شٹل کے ایک مرکز کے طورپر استعمال کیا جاتا تھا، خلا میں بھیجے جانے والے خصوصی طیارے تیار کرنے کے ایک معاہدے کا اعلان کرے گی۔
بوئنگ کا معاہدہ سرکاری خلائی ادارے اسپیس فلوریڈا کے ساتھ طے پارہاہے جس سے طیارہ ساز کمپنی کو کیپ کارنیول میں واقع کینیڈی اسپیس سینٹر کے خلائی راکٹ تیار کرنے والا ہینگر لیز پر مل جائے گا۔
بوئنگ کمپنی اس تنصیب کو ایک ایسا خلائی کپسول تیار کرنے کے لیے استعمال کرنا چاہتی ہے جسے خلا ء میں بھیجنے کے لیے بار بار استعمال کیا جاسکے اور جس کے اندر سات آدمیوں اور سامان کی گنجائش موجود ہو۔
اب جب کہ قومی خلائی ادارے کے شٹل پروگرام ختم کیا جاچکاہے، امریکہ کو اپنے خلاباز اور سامان ، خلائی اسٹیشن پر لانے لے جانے کے لیے روس کے خلائی راکٹوں پر انحصار کرنا پڑ رہاہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کا کہناہے کہ فلوریڈا کے خلائی مرکز کے اس معاہدے سے وہاں 2015 تک 550 ملازموں کو دوبارہ کام پر بلانے کے امکانات پیدا ہوجائیں گے۔