رسائی کے لنکس

وقت کی قید سے آزاد خوبصورت چہرے


خوبصورت چہرے
خوبصورت چہرے

ماضی میں سلور اسکرین پر اپنے جلووٴں کی چمک سے کروڑں دلوں کو دیوانہ بنانے والی بالی وڈ کی کچھ ہیروئنز ایسی بھی ہیں، جن کے حسن میں گزرتے وقت کے ساتھ کمی ہونے کے بجائے اضافہ ہی ہوا ہے

کہتے ہیں حسن دیکھنے والے کی آنکھ میں ہوتا ہے لیکن کچھ خوبصورت چہرے ایسے ہوتے ہیں جن کو دیکھنے والی آنکھ کوئی بھی ہو ان کے حسن کی چکاچوند سے بچ نہیں پاتی۔ ماضی میں سلور اسکرین پر اپنے جلووٴں کی چمک سے کروڑں دلوں کو دیوانہ بنانے والی بالی وڈ کی کچھ ہیروئنز ایسی بھی ہیں ،جن کے حسن میں گزرتے وقت کے ساتھ کمی ہونے کے بجائے اضافہ ہی ہوا ہے اور وہ آج بھی پوری آب و تاب سے اپنے اسٹائل ،دبدبے اور خوبصورتی سے ینگ جنریشن کو متاثر کر رہی ہیں ۔

یاہو انڈیا“ کا کہنا ہے کہ ماضی کی ان خوبصورت ہیروئنز کو اپنے حسن کو دائمی بنانے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور بھی لگانا پڑتا ہے جن میں یوگا سے لے کر بوٹکس BOTOX،ڈسپلنڈ لائف اسٹائل اور ماہرین کی مدد تک سبھی کچھ شامل ہے۔آئیے نظر ڈالتے ہیں ان شخصیات پر جنھوں نے اپنی دلکشی سے بڑھتی ہوئی عمرکوبھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

ریکھا

حسن وقت کی قید سے آزاد بھی ہو سکتا ہے یہ ثابت کیا اداکارہ ریکھا نے ۔ گزرتے وقت نے ریکھا کے حسن کو ایک باوقار انداز بخشا جس میں یقیناً خود ان کی اپنی محنت کا بھی ہاتھ ہے۔ 57 سالہ بالی وڈ بیوٹی حال ہی میں جب راجیہ سبھا میں نائب صدر کے عہدے کے لئے ووٹ ڈالنے آئیں تو ان کی شخصیت کے رعب اوردب دبے سے کوئی بھی متاثر ہوئے بغیر رہ نہ سکا۔

ہیما مالنی

ڈریم گرل یعنی ہیما مالنی جو اب63 برس کی ہو چکی ہیں جب ریمپ پر واک کرتی ہیں تو پھر ان کے آگے کسی دوسرے کا چراغ جل ہی نہیں پاتا۔ مشہور فیشن ڈیزائنر نیتا کا کہنا تھا ’ ہیما جی صحیح معنوں میں بھارتی عورت کی نمائندگی کرتی ہیں۔ ان کی شخصیت میں وقار، کشش اور خوبصورتی سبھی کچھ ہے۔

شرمیلا ٹیگور

سینیئر اداکارہ شرمیلا ٹیگورجب حصہ بنیں دہلی فیشن ویک کا تووہاں موجود حاضرین کو اپنی چارمنگ پرسنالٹی سے مسحور کردیا۔لگتا تھا کہ بڑھتی عمر کے آثار کو مات دیتی شرمیلا ٹیگور آنے والے وقتوں میں بھی اسی طرح لوگوں کو متاثر کرتی رہیں گی۔

شبانہ اعظمی

اکسٹھ سالہ شبانہ اعظمی بھلا اپنی ساتھی اداکاراوٴں سے پیچھے رہ سکتی تھیں۔حال ہی میں انہو ں نے بھی جدید ملبوسات کی نمائش میں حصہ لیا اور داد سمیٹی۔نئے ہیئر اسٹائل کے ساتھ شبانہ کھلی کھلی نظر آئیں۔

ڈمپل کپاڈیہ

بالی وڈ کی ’بوبی‘ یعنی ڈمپل کپاڈیہ اب عمر کی 55 ویں سیڑھی پر براجمان ہیں لیکن ان کو دیکھ کر عمر کا یہ ہندسہ بے معنی سا لگنے لگتا ہے۔16 سال کی عمر میں اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز کرنے والی ڈمپل نے دیکھنے والوں کو یہ سبق دیا کہ اپنی لک اور عمر کو کس طرح گریس فل بنایا جا سکتا ہے۔

نیتو سنگھ

ماضی کی ایک اور سپر ہٹ ہیروئن نیتو سنگھ کی چمکتی جلد اور بے داغ حسن اور اسٹائلش اداوٴں نے ان کو خطاب دلوایا ’بالی وڈ کی سب سے زیادہ اسٹائلش ممیکا۔فیشن ایبل ملبوسات کے ساتھ ساتھ ہینڈ بیگز اور بہترین جیولری کا انتخاب چون سالہ نیتو کو ہر جگہ توجہ کا مرکز بنا دیتا ہے۔

سیمی گریوال

سیمی گریوال خوبصورتی اور توازن کی ایک مثال بن گئی ہیں۔ ان کی شخصیت کا سحر چونسٹھ برس کی عمر میں بھی روز اول کی طرح قائم ہے۔کپڑوں سے لے کر میک اپ تک۔ سیمی گریوال کئی دھائیوں سے نئی نسل کو متاثر کرتی چلی آئیں ہیں۔ٹالک شوز کی میزبانی ہو یا کسی عوامی تقریب میں شرکت، سیمی اپنے اسٹائل اور چارم کی بدولت سب سے مختلف اور منفرد نظر آئی ہیں۔

زینت امان

اپنے دور کی بولڈ اور ٹرینڈ سیٹر ہیروئن زینت امان جنھیں ہندی سینما کی اوریجنل پوسٹر گرل بھی کہا جاتا ہے اپنے حسن اور مضبوط پرسنالٹی کی وجہ سے آج کے دور کی لڑکیوں کی بھی آئیڈل ہیں۔ پرکشش اور گلیمرس زینت کو دیکھ کر کون کہہ سکتا ہے کہ وہ عمر کی60 بہاریں دیکھ چکی ہیں۔ ان کے تیکھے نین نقش اور خوبصورتی کا جادو اب بھی ویسا ہی ہے جیسا عروج کے دور میں تھا۔اور اسی لئے ان کی موجودگی کسی بھی محفل کو چار چاند لگا دیتی ہے۔
XS
SM
MD
LG