پاکستان میں باکس آفس پر بھارتی فلمیں سرمایہ اور فلم بینوں کو لانے کا ایک بڑا سبب ہیں۔ان فلموں میں استعمال ہونے والی موسیقی اور گانے بھی ایسی مقناطیسی کشش رکھتے ہیں کہ لوگ ٹکٹ گھر تک کھینچے چلے آتے ہیں۔
اس کی تازہ ترین مثال گزشتہ روز ہی ریلیز ہونے والی فلم ’ باغی 2‘ ہے جو پہلے ہی دن باکس آفس پر 2کروڑ روپے کا بزنس کرنے میں کامیاب ہوگئی۔
اگرچہ بھارت کے مقابلے میں یہ رقم کم ہے لیکن پاکستانی سینما انڈسٹری کو مد نظر رکھیں تو ریلیز کے پہلے دن تو اتنا بزنس لیلا سنجے بنسالی کی انتہائی سطح پر خبروں میں رہنے والی فلم پدماوت بھی نہیں کرسکی تھی۔
پاکستان میں فلم کے ڈسٹری بیوٹرز ’آئی ایم جی سی ڈسٹری بیوشن کلب ‘کی عہدیدار سبینا نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ’فلم باکس آفس پر شاندار آغازکرنے میں کامیاب رہی ہے ۔فلم ’باغی ٹو‘ نے 2کروڑ کا ریکارڈ بزنس کیا اور پہلے ہی دن سپر ہٹ قرار پائی۔‘
بھارتی اسٹار ٹائیگر شیروف اور ڈیشا پٹانی کی ایک ساتھ آنے والی ’باغی 2‘ کامیابی سے جہاں پاکستان انڈسٹری میں سب کو خوشگوار حیرت ہوئی ہے وہیں بالی وڈ ٹریڈ حلقوں کو بھی چونکا دیا ہے۔فلمی حلقےپاکستان میں بڑھتے ہوئے بالی ووڈ فلموں کو سنیما ہالز میں جاکر فلم دیکھنے کے رجحان کو نہایت مثبت انداز میں دیکھ رہے ہیں۔
باغی ٹو نے پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت میں بھی کامیابی کے نئے ٹرینڈ قائم کئے ہیں۔ فلم جمعہ کو ریلیز ہوئی اور وہاں ایک روز میں ہی 25کروڑ 10لاکھ کا بزنس کرگئی۔اس سال کسی بھی انڈین فلم کی طرف سے کیا جانے والا یہ پہلے دن کا سب سے بڑا بزنس ہے۔
تجزیہ نگاروں کے مطابق رنویر سنگھ، شاہد کپور اور دپیکا پدوکون کی’ پدماوت‘ کے پہلے دن کا بزنس 19کروڑ تھا جبکہ اکشے کمار کی ’پیڈمین ‘اور اجے دیوگن کی’ ریڈ‘ کا بزنس 10کروڑ سے کچھ زائد تھا، یوں ٹائیگر شیروف نے باآسانی بالی وڈ کے بڑے ستاروں کو مات دے دی۔
فلمی حلقوں کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر احمد خان کی زیر ہدایت بنی ’ باغی 2‘ ایک مکمل پیسہ وصول فلم ہے جس میں رومانس ، ایکشن اور کامیڈی تینوں چیزیں شامل ہیں۔
فلم کی کامیابی نے ٹائیگر شروف کو راتوں رات’ اسٹار‘ سے’ سپر اسٹار ‘ بنادیا ہے ۔ کاروباری حلقوں کے مطابق ’باغی 2‘ کو ملنے والے رسپانس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ باکس آفس پر بہت جلد 2ارب روپے کا بزنس کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔