جی ہاں ۔ بالی ووڈفلموں کے دو نئے ’عشق‘ دو نئی فلموں ’ ڈینجرس عشق‘ اور’ عشق زادے‘ کے روپ میں ریلیز ہوگئے جو دونوں ایک دوسرے سے بازی لے جانے کے لئے میدان میں اترے ہیں۔ یہ فلمیں ہیں یش راج فلمز کی” عشق زادے “اور کرشمہ کپور کی ”ڈینجرس عشق“۔” عشق زادے“ کی کاسٹ میں شامل ہیں فلمساز بونی کپور کے بیٹے اور سلمان خان کے شاگرد ارجن کپور اور پری نیتی چوپڑا۔
ان دونوں فلموں میں سے کون کس پر بازی لے جائے گا یہ کہنا تو فی الحال بہت مشکل ہے لیکن یہ بات طے ہے کہ دونوں فلمیں اپنی اپنی کاسٹ کے لئے فیصلہ کن کردار اداکریں گی۔ اگر” ڈینجرس عشق“ کامیاب ہوئی تو کرشمہ کپور کی چھ سال بعد دوبارہ فلموں میں واپسی کو ہاتھوں ہاتھ لیا جائے گا اور ایک مرتبہ پھر ان کے دن پھر جائیں گے۔
لیکن۔ اگر فلم ناکام ہوگئی تو کرشمہ کا کریئر بھی فلاپ ہوجائے گا جبکہ ارجن کپورا ورپری نیتی چوپڑاکا کرئیر ہٹ ہوجائے گا ۔ یہ دونوں ایکٹرز بالکل نئے ہیں۔ اس لئے ہمارے ساتھ ساتھ آپ بھی کم از کم ویک اینڈ گزرجانے تک کا انتظار کئے پھر دیکھئے خوش قسمتی کا قرعہ کس کے نام نکلتا ہے۔
فلم ”ڈینجرس عشق“ کے ڈائریکٹر ہیں وکرم بھٹ ۔ یہ تھری ڈی مووی ہے جبکہ فلم کی کہانی سپرماڈل سنجنا (کرشمہ کپور )اور ان کے بوائے فرینڈ روہن (رجنیش ) کے گرد گھومتی ہے جو ایک امیر و کبیر تاجر کا بیٹا ہے۔ ملک بھر میں سنجنا اور روہن کی جوڑی مشہور ہے لیکن ان کی زندگی میں اس وقت اچانک بھونچال آجاتا ہے جب ایک شام روہن کو اغوا کرلیا جاتا ہے۔
اغوا کرنے والوں کی جانب سے روہن کی رہائی کے لئے پانچ کروڑ روپے کا تاوان طلب کیا جاتا ہے لیکن پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم تاوان وصول کرنے کے باوجود روہن کو رہا نہیں کریں گے۔ اس دوران سنجنا کوغیر معمولی انفارمشن ہاتھ لگ جاتی ہیں اور یہیں سے شروع ہونا ہے سسپنس اور تھرل۔
کرشمہ کو فلم سے بہت سی امیدیں ہیں ۔ ان کے خیال میں ناصرف فلم کامیاب ہوگی بلکہ ان کا بھی فلموں میں دوبارہ خیرمقدم کیا جائے گا۔ ان کی آخری فلم ”میرے جیون ساتھی“ تھی جو سنہ 2006ء میں ریلیز ہوئی تھی ۔
بونی کپور کے بیٹے ارجن کپور کے لئے بھی رواں ہفتہ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔” عشق زادے“ ان کی پہلی فلم ہے ۔یہی فلم” لیڈیز ورسز ری بہل “کی ایکٹر یس پری نیتی چوپڑا کے کیرئر پر بھی مثبت یا منفی اثر ڈال سکتی ہے۔ اس فلم کے ڈائریکٹر ہیں حبیب فیصل ۔
”عشق زادے“ دو پیارکرنے والے نوجوانوں پرما(ارجن) اور زویا(پری نیتی) کی کہانی ہے ۔ زویا ایک بااثر سیاستدان کی بیٹی ہے جو ایم ایل اے بننا چاہتی ہے ۔ اس دوران پرما اور زویا کی کچھ ملاقاتیں ہوتی ہیں۔ دونوں پہلے ایک دوسرے سے نفرت اور بعد میں محبت کرنے لگتے ہیں ۔لیکن نفرت اور محبت کے بیچ کیا کچھ ہوتا ہے یہی فلم کی اصل کہانی ہے۔
ارجن اور سلمان خان میں اچھی خاصی دوستی ہے بلکہ کہا یہ جارہا ہے کہ سلمان خان نے ہی ارجن کو اداکاری کے گر سیکھائے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا ارجن واقعی اپنے آپ کو سلمان خان کا ”شاگرد رشید“ ثابت کرپاتے ہیں یا نہیں۔
اب بات کچھ پچھلے ہفتے ریلیز ہونے والی فلموں کی۔پچھلے ہفتے یعنی جمعہ چار مئی کو مہیش بھٹ کی فلم ”جنت ٹو“ ریلیز ہوئی تھی ۔ بھارت کے فلم ٹریڈ سے وابستہ افراد کی جانب سے جاری اعداو شمار کے مطابق”جنت ٹو“ نے ویک اینڈ پر ساڑھے چوبیس کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے جبکہ فلم پر کل خرچہ ہوا تھا 12کروڑ روپے کا۔ اس لحاظ سے فلم ’پروفٹ زون‘ میں داخل ہوگئی ہے۔۔۔یعنی ناکامی کی حدوں سے باہر ۔ اب رواں ہفتے فلم جتنا بھی ’دھن‘ کمائے گی وہ سب ہو گا ڈبل ٹرپل پروفٹ۔۔۔
چار مئی کو ہی فلم ”تیز “ ریلیز ہوئی تھی جس کی کاسٹ میں شامل ہیں انیل کپور، اجے دیوگن اور کنگنا راناوت۔بھارت سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اس فلم نے پہلے ویک کمائے ساڑھے چودہ کروڑ روپے لیکن اسے ابھی تک فائدہ مند سودہ نہیں کہہ جارہا ہے۔کیوں کہ برطانیہ اور امریکا کے باکس آفسز سے بھی فلم کوکچھ خاص منافع نہیں ہوا ہے۔اس لئے فی الحال اسے رکھتے ہیں اوسط درجے کی کیٹیگری میں۔
ادھر فلم ”وکی ڈونر“ کے حوالے سے جوخبریں موصول ہورہی ہیں ان کے مطابق جان ابراہم اور ایوش مان کھرانہ کی یہ فلم دوہفتوں کے دوران ساڑھے پچیس کروڑ روپے کمانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔
وویک اگنی ہوتری کی فلم ”ہیٹ اسٹوری “کو ریلیز ہوئے دو ہفتے ہوئے لیکن اس کے باوجود فلم نے ابھی تک صرف تیرہ کروڑ روپے کا ہی بزنس کیا ہے لیکن چونکہ فلم پر صرف چھ سے سات کروڑ روپے ہی خرچ ہوئے تھے لہذا اسے منافع بخش فلم قرار دیا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
مقبول ترین
1