رسائی کے لنکس

مئی میں ریلیز ہونے والی دھماکے دار فلمیں


مئی کا مہینہ شروع ہوچکا ہے ۔ اس مہینے بالی ووڈکی کئی بڑی فلمیں آگے پیچھے ریلیز ہورہی ہیں۔ اس لئے یہ کہا جاسکتا ہے کہ اس ماہ سنیما ہالز کھچاکھچ بھرے رہیں گے۔

یہ وہ مہینہ ہے جس میں کرشمہ کپور کم بیک کررہی ہیں یعنی ستر ایم ایم کے فلمی پردے پر ان کادوبارہ جنم ہورہا ہے۔ ادھر نئے ہیروارجن کپور کی پہلی فلم ” عشق زادے“بھی اسی ماہ جلوہ افروز ہوگی جبکہ رام گوپال ورما جیسے بڑے فلمساز بگ بی کے ساتھ فلم ”ڈپارٹمنٹ“ لے کر آرہے ہیں ۔

مئی کے پہلے ہفتے کا پہلا جمعہ ہوگا 4 تاریخ کو ۔ اس دن عمران ہاشمی ، رندیپ ہدیٰ اور ایشاء گپتا کی ہر سو چرچا کا سبب بننے والی فلم ”جنت2“ ریلیز ہوگی ۔ ”جنت2“سیکوئل ہے اسی نام سے سن 2008ء میں ریلیز ہونے والی فلم کا۔

چونکہ اس کے پروڈیوسر مہیش بھٹ اور مکیش بھٹ ہیں لہذا خود ہی سوچ لیجئے فلم کس نوعیت کی ہوگی۔ویسے بھی پچھلے دنوں اس فلم کے کچھ سین جس تنازع کا سبب بنے رہے وہ فلم کی نوعیت متعین کرنے کے لئے کافی ہیں۔

چار مئی کو ہی ایک اور فلم ”فیٹ سو“ ریلیز ہورہی ہے جس کے نمایاں فنکاروں میں شامل ہیں رنبیر شورے، گل پانگ اور پورب کوہلی ۔

گیارہ مئی کو فلم ”ڈینجرس عشق “ ریلیز ہونے جارہی ہے۔ اس فلم سے کرشمہ کپور کی قسمت کا فیصلہ ہوگا کہ آیا وہ فلموں میں دوبارہ آکر، آگے چل سکتی ہیں یا نہیں ورنہ بطور ہیروئن ان کی یہ آخری فلم ثابت ہوگی۔ فلم کی کاسٹ میں ان کے علاوہ رجنیش دگل ، دیویا دتہ اور جمی شیر گل شامل ہیں۔ یہ تھری ڈی فلم ہے۔ اس کے ڈائریکٹر ہیں وکرم بھٹ۔

اسی دن فلم ”عشق زادے “ بھی پردہ سیمیں کی زینت بننے جارہی ہے۔ فلم کے ہیرو ارجن کپور اور ہیروئن پری نیتا چوپڑا کی یہ پہلی، پہلی فلم ہے۔

امیتابھ بچن اور سنجے دت جیسے سینئر اداکاروں کو لیکر رام گوپال ورما کی بنائی گئی فلم ”ڈپارٹمنٹ“ 18مئی کور یلیز ہوگئی۔

اسی دن ایک اور فلم ” مسٹر بھٹی آن چھٹی“ بھی ریلیز ہوگی جس کے ڈائریکٹر ہیں کرن رازداں جبکہ لیڈنگ رول میں ہوں گے انوپم کھیر۔

اس فلم کا فوکس ایک عام انسان کو روزمرہ کی زندگی میں پیش آنے والے مسائل ہیں جو ہلکی پھلکی کامیڈی کی شکل میں پیش کئے گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG