رسائی کے لنکس

بالی ووڈ فلموں کی نئی گلیمرگرلز


ایک دور تھا جب فلم کی ہیروئن کو بطور ”گلیمرگرل “پیش کیا جاتا تھا اورپوری فلم میں اسی بات پر زوردیا جاتا تھا کہ کسی طرح بھی یہ گلیمر کم نہ ہو۔ گویا اس دور کی ہیروئنزمحض نمائشی چیزہواکرتی تھیں جبکہ ماردھاڑ، غنڈاگردی اور اسی قسم کے دوسرے کاموں کے لئے ہیرو ہوا کرتا تھا ۔

مگر اب وہ زمانے لدھ گئے ۔ آج کی فلموں کی کہانی نہ صرف ہیرو کے بجائے ہیروئن کے گرد گھومتی ہے بلکہ ہیروئن کے کردار میں بھی مقصدیت نظرا ٓنے لگی ہے۔ ودیا بالن نے ” دی ڈرٹی پکچر“ میں ساوٴتھ کی ہیروئن سلک اسمیتا کی حقیقی کردار نگاری سے ایک طرف تو تمام بڑے ایوارڈز اپنے نام کرلئے تو دوسری طرف بڑے بڑے نقادوں کو اپنی تعریف کرنے پر مجبور بھی کردیا۔

اس نئے ٹرینڈ کو آج کے دور کا تقریباً ہر فلمساز اور ہدایت کار اپنانا چاہتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آنے والے مہینوں میں ریلیز ہونے والی بہت سی فلموں میں آپ کو ہیروئن کا کردار بہت اسٹرونگ اور نمایاں نظر آئے گا۔

خود ہیروئنز بھی آج ایسی ہی فلموں کو اولیت دے رہی ہیں جن میں ان کا کردار طاقتور ہونے کے ساتھ ساتھ روایت سے ہٹ کر بھی ہو۔ نئے چہروں پری نیتا چوپڑا اور پاوٴلی ڈیم کی فلمیں ”عشق زادے “اور ”ہیٹ اسٹوری “کیا کامیاب ہوئیں بپاشا باسو، کرینہ کپور،پریتی زنٹا ، سری دیوی اور رانی مکھرجی جیسی ہیروئنیں بھی ہیروئن کے کردار کو نمایاں کرتی فلموں کی تلاش میں لگ گئی ہیں۔

اگست میں اسی نوعت کی دو فلمیں ریلیز ہونے جارہی ہیں ۔ ایک ہے سنی لیون کی پہلی ہندی فلم ”جسم ٹو“اور دوسری ہے رومنٹک کامیڈی فلم ”شیریں فرہاد کی تو نکل پڑی‘۔ اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ کوریوگرافر اور ڈائریکٹر فرح خان ایک نئے روپ میں جلوہ گر ہوں گی۔ اور وہ روپ ہے اداکارہ کا۔ جی ہاں فرح نے اس فلم میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے ہیں۔

تاہم فرح خان کو نئے فلمی چہرے چترگندھا سنگھ سے سخت مقابلہ کرنا پڑے گا کیوں کہ چترا کی نئی فلم ”کام۔۔۔دی ان آفیشل اسٹوری‘ ‘ بھی اسی دوران ریلیز ہونے جارہی ہے۔

مدھر بھنڈارکر ایسے ڈائریکٹر ہیں جن کی وجہ شہرت ہی ایسے موضوعات پر فلمیں بنانے کی ہے جن میں عورتوں کا کردار بہت مضبوط وطاقتور ہو۔ اور ایسا ہی کچھ مزید دکھانے کاوعدہ کیا ہے

مدھر نے اپنی آنے والی فلم’ ’ہیروئن“ میں۔”ہیروئن“ میں کرینہ کو بالکل مختلف انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ یہ ایسا کردارہے جو ہر اداکارہ اپنے کیرئیر میں ایک دفعہ ضرور کرنے کی خواہش کرتی ہے۔ انتہائی شاندار اسکرپٹ کے ساتھ بنائی گئی اس فلم میں کرینہ فلمی شائقین کو چونکا دیں گی۔

وکرم بھٹ بھی پرجوش ہیں اپنی فلم ’ راز تھری‘ کی نمائش کو لیکرجس میں شامل ہیں بپاشا باسو اور عمران ہاشمی۔فلم کے بارے میں وکرم بھٹ کا کہنا ہے کہ بپاشا ’راز’کے دس سال بعد ”راز تھری“ میں نظر آئیں گی۔ ان دس برسوں میں بپاشا کی فنکارانہ صلاحیتوں میں اور بھی نکھار آیا ہے۔

ماضی کی ایک اور سپر ہٹ ہیروئن سری دیوی کی طویل وقفے کے بعد فلم نگری میں واپسی ہورہی ہے’ ’انگلش ونگلش“کے ذریعے۔اس کامیڈی فلم کو سامنا رہے گا ایک اور کم بیک اداکارہ پریتی زنٹا کی فلم ”عشق ان پیرس“سے۔ اس فلم میں پریٹی کا کردار بہت اسٹرانگ ہے۔

پریٹی کے ساتھ ساتھ رانی مکھر جی بھی ستمبر میں سینما گھروں کی زینت بنے والی فلم ”اییا“ 'میں نظر آئیں گی ۔

ان تمام فلموں میں ہیروئنز کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ر ہے گا۔دیکھنا یہ ہے کہ کون سی ہیروئن کامیابی کا میدان سرکرتی ہے اور کون سی نہیں۔

XS
SM
MD
LG