تیرہویں انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی (آئیفا) ایوارڈ ز کا میلہ جمعرات سے سنگاپور میں سج گیا ہے۔ یہ میلہ 9 جون تک چلے گا۔ میلے میں’ آئیفا ایوارڈز‘،’ آئیفا ورلڈ پریمیئر‘ ،’آئیفا راکس‘ اور’ آئیفا فلم اور میوزک ورک شاپ‘ کی تقریبات منعقد ہوں گی۔
بالی ووڈ کے معتبر ایوارڈز ”آئیفا“کے جشن میں شرکت کے لئے فلم، فیشن اور اسٹائل کی دنیا کے نامور ستارے پہلے ہی سنگاپور پہنچ چکے ہیں۔ یہ تمام فنکار تقریب میں اپنے فن کا جادو جگائیں گے۔
ماضی کے نامور اداکار رشی کپور سے لیکر جواں دلوں کی دھڑکن رنبیر کپور، اسٹائل کی دیوی پریانکا چوپڑہ اور دلکش اداوٴں کی مورت سوناکشی سنہا تک سبھی تیار ہیں اپنی تہلکہ خیز پرفارمنس کے لئے۔ اس تقریب کو نہ صرف سنگاپور کے باسی ٹی وی پر دیکھیں گے بلکہ دنیا بھر کے کروڑوں ناظرین بھی ٹی وی کے ذریعے اس سے لطف اٹھاسکیں گے۔
اس با ر ایوارڈ کی میزبانی کے فرائض بومن ایرانی اور رتیش دیش مکھ کی جگہ انجام دیں گے ڈیشنگ شاہد کپور اور فرحان اخترجبکہ میگا اسٹارز سلمان خان، ریتھک روشن اور رانی مکھرجی آئیفا کے اسٹیج کو اپنے فن کی چکاچوند سے جگمگانے کو تیار ہیں ۔حالیہ کامیاب فلم ’راوٴڈی راٹھور‘ کے ہدایتکار اور مشہور اداکار و ڈانسر پربھو دیو آئیفا ایوارڈ ز اور آئیفا راکس کی کوریوگرافی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
نامزدگیوں پر ایک نظر۔۔۔ خصوصی ایوارڈز
حال ہی میں راجیہ سبھا کی ممبر بننے والی ورسٹائل اداکارہ ریکھا کو’ آوٴٹ اسٹینڈنگ اچیومنٹ ان انڈین سینما ‘(بھارتی سنیما کے لئے غیر معمولی پرفارمنس ) کے ایوارڈز سے نوازا جائے گا جبکہ رمیش سپی کو دیا جائے گا ’آوٴٹ اسٹینڈنگ کنٹریبیوشن ان انڈین سینما ‘ کا ایوارڈ۔
عمر کی سنچری مکمل کرنے والی سینئر اداکارہ زہرہ سہگل کو دیا جائے گا’ بھارتی فلموں کی سوسالہ تاریخ میں غیرمعمولی معاونت کا ایوارڈ‘۔
سال دوہزار بارہ کے آئیفا ایوارڈز میں کانٹے کا مقابلہ رہے گا زویا اختر کی فلم’ ’زندگی نہ ملے گی دوبارہ“ اور ایکتا کپور کی فلم ”دی ڈرٹی پکچر“ کے درمیان۔”زندگی نہ ملے گی دوبارہ“ چودہ شعبوں میں ایوارڈ کے لئے نامزد ہوئی ہے جبکہ اس کی حریف ”دی ڈرٹی پکچر‘ ‘کی نامزدگیوں کی تعداد ہے تیرہ۔
بہترین اداکارکے لئے نامزد ہیروز
بہترین اداکار کی کیٹگری میں مقابلہ ہے سلمان خان،شاہ رخ خان ،ریتھک روشن ،رنبیر کپور،امیتابھ بچن اور اجے دیوگن کے بیچ۔
بہترین اداکارہ کے لئے نامزد ہیروئنز
پریانکا چوپڑہ، کرینہ کپور، ماہی گل اور کنگنا راناوت ایک دوسرے کے مقابل ہیں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیتنے کی دوڑ میں۔
آئیفا میں دکھائی جانے والی فلمیں
شنگھائی(ورلڈ پریمیئر)، ڈائریکٹر دیباکربینر جی۔ کاسٹ ابھے دیول۔عمران ہاشمی اور کالکی کوچیلن۔وشواروپم(فرسٹ لک) میں شامل ہیں کمل ہاسن اور مہمان اداکار کے طور پر ڈائریکٹر شیکھر کپور۔
بالی وڈ۔۔دی گریٹسٹ لو اسٹوری ایور ٹولڈ۔۔یہ راکیش اوم پرکاش مہرہ کی بنائی ہوئی دستاویزی فلم ہے جبکہ’ میکسی مم‘ (ورلڈ پریمئیر) ڈائریکٹر کبیر کوشک کاسٹ۔ نصیر الدین شاہ۔ سونو سود، نیہا دھوپیا اور ہیزل کیچ۔
فراری کی سواری(ورلڈ پریمیئر)دائریکٹر راجیش ماپسکار، پروڈیوسر ودو ونود چوپڑہ۔ ’تیری میری کہانی‘ (پروموشن) ڈائریکٹر کنال کوہلی۔ کاسٹ پریانکا چوپڑہ اور شاہد کپور۔انگلش ونگلش(پروموشن) ڈائریکٹر گوری شیندے۔ہیروئن : سری دیوی
آئیفا ایوارڈز 9جون کودیئے جائیں گے جبکہ آئیفا راکس کا اعلان آٹھ جون کو ہوگا جس کی میزبانی کے فرائض انجام دیں گے انوشمن کھرانہ اور چترگندھاسنگھ۔ فیشن ڈیزائنر ز سینٹ ورما اور مسابا اپنا کلیکشن پیش کریں گے جبکہ بالی وڈ اسٹارز بپاشا باسو اور نرگس فخری’ شوز ٹوپر ز‘ ہوں گی۔
ٹیکنیکل ایوارڈز۔
ٹیکنیکل ایوارڈز کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے جو’ آئیفا راکس‘ کی تقریب میں دئیے جائیں گے۔’زندگی نہ ملے گی دوبارہ‘ اور شاہ رخ خان کی فلم ’را۔ون‘ نے یہ ٹیکنیکل ایوارڈز جیتے ہیں۔
آئیفا میوزک ورک شاپ
آئیفا میوزک ورک شاپ میں لیکچرز دیں گے وشال شیکھر، شانتانوموئیترہ۔ فلم ڈائریکٹر زویا اختر اور راکیش اوم پرکا ش مہرہ جبکہ گیت کار جاوید اختر اور پرسن جوشی۔ گلوکار موہت چوہان ،ایش کنگ اور ہرش دیپ کور، ورکشاپ میں پرفارم کریں گے۔
اس بار کی آئیفا تقریب میں بھارتی فلم انڈسٹری کے سو سال مکمل ہونے کا جشن بھی منائے گاجس کے تحت ساوٴتھ انڈیا کی مشہور شخصیات کو ایوارڈز پیش کئے جائیں گے جن میں شامل ہیں آسکرحاصل کرنے والے میوزک کمپوزر اے آر رحمن ، اداکارہ رادھیکا سارتھ کمار، شریا سرن، سریش بابو اور آلیو اروند اور تیلگو فلموں کے پروڈیوسر کے ایس راما راوٴ اور دیگر۔
پربھو دیوا اپنے مشہور زمانہ گانوں ’مقابلہ‘، ’کے سرا سرا‘ ، ’میں ایسا کیوں ہوں‘ اور دیگر پر پرفارم کریں گے۔
آئیفا ایوارڈز کو رونق بخشنے کے لئے ابھے دیول، ارشد وارثی، بومن ایرانی، عمران ہاشمی، فرحان اختر، شاہد کپور، بپاشا باسو، دیا مرزا، کالکی کوچیلن ،نیہا دھوپیا، پرینیتی چوپڑہ، پریٹی زنٹا اور ودیا بالن جمعرات کو سنگاپور پہنچ چکے ہیں جبکہ رنبیر کپور اپنے والد رشی کپور اور والدہ نیتو سنگھ کے ساتھ آٹھ جون کو سنگاپور پہنچیں گے۔
اب آئیفا میں جیت کا سہرا کس کے سر سجے گا اور کس کی امیدیں پوری نہ ہو پائیں گی یہ فیصلہ ہو گا 9 جون کی شام کو۔ لہذا دل تھام کر بیٹھیے ۔
یہ بھی پڑھیے
مقبول ترین
1