رسائی کے لنکس

’پدماوتی‘ کے بعد ’ٹائیگر زندہ ہے‘ بھی شو سینا کی زد میں


Tiger Zinda Hei
Tiger Zinda Hei

’ٹائیگر زندہ ہے‘ 2012 میں بنی سوپر ہٹ فلم ’ایک تھا ٹائیگر‘ کا سیکوئل ہے جو بھارتی خفیہ ایجنسی راء اور پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے ایجنٹ پر مبنی کہانی پر بنائی گئی تھی۔ ان دونوں فلموں میں سلمان خان راء کے ایجنٹ اور کترینہ کیف آئی ایس آئی کے ایجنٹ کا کردار ادا کر رہی ہیں۔

سلمان خان اور کیترینا کیف کی نئی فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ 22 دسمبر کو نمائش کیلئے پیش کی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں فلم ساز ادارے ’یش راج فلمز‘ نے بھارت کے تما م علاقوں کے سنیماپلکس تھیٹروں میں پانچ پانچ سکرینیں اس فلم کی نمائش کیلئے مخصوص کرا لی ہیں۔

فلم بینوں کو اس فلم کا شدت سے انتظار ہے ۔ تاہم تاریخی فلم ’پدماوتی‘ کی طرح یہ فلم بھی سیاسی تنازعات کی شکار ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ہندو انتہاپسند تنظیموں شو سینا اور مہاراشٹر نونیرمن سینا نے سنیما پلکس میں سکرینیں ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کیلئے مخصوص کئے جانے بعد مراٹھی فلموں ’دیوا‘ اور ’ایک اٹرنگی‘ کیلئے سکرینیں دستیاب نہ ہونے کے باعث فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ پر شدید تنقید شروع کر دی ہے۔

’ٹائیگر زندہ ہے‘ 2012 میں بنی سوپر ہٹ فلم ’ایک تھا ٹائیگر‘ کا سیکوئل ہے جو بھارتی خفیہ ایجنسی راء اور پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے ایجنٹ پر مبنی کہانی پر بنائی گئی تھی۔ ان دونوں فلموں میں سلمان خان راء کے ایجنٹ اور کترینہ کیف آئی ایس آئی کے ایجنٹ کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کی کہانی 2014 میں بھارتی نرسوں کو داعش کی طرف سے اغوا کئے جانے کے واقعے پر مبنی ہے اور اس کا باضابطہ ٹریلر 7 نومبر کو جاری کیا گیا تھا۔

فلم کے ہدایت کار علی عباس ظفر ہیں اور اسے یش راج فلمز کے بینر تلے بنایا گیا ہے۔ اس فلم میں پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کا ایک گانا بھی شامل کیا گیا ہے۔ تاہم پاکستان فلم سینسر بورڈ نے اسے نمائش کیلئے پاس کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ فلم ’ایک تھا ٹائیگر‘ کی طرح اس فلم میں بھی پاکستان اور اس کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کا امیج مسخ کیا گیا ہے۔

اس فلم کی بھارت میں 4600 اور بیرون ملک 1100 سکرینوں پر نمائش کی جا رہی ہے۔ بیرون ملک اس کا مقابلہ اسٹار وارز: دا لاسٹ جیڈائے جیسی شہرہ آفاق فلم سے ہے۔ تاہم امریکہ اور یورپی ممالک میں بالی وڈ فلموں کے شائقین بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ لہذا توقع کی جا رہی ہے کہ بیرون ملک بھی خاصا منافع کمائے گی۔ اس فلم پر 2 کروڑ 35 لاکھ ڈالر لاگت آئی ہے اور توقع پے کہ یہ فلم اندرون ملک اور بیرون ملک اس سے کہیں زیادہ منافع کمائے گی۔

تاہم ہندو انتہا پسند جماعت مہاراشٹر نونیرمن سینا کی لیڈر شالینی ٹھاکرے نے اس فلم کے پیش کار ادارے یش راج فلم کو ایک خط میں باور کرایا ہے کہ اگر فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ نے مراٹھی فلموں کو نمائش کیلئے مناسب موقع نہ دیا تو وہ اسے آئیندہ مہاراشٹر میں کسی بھی فلم کی شوٹنگ کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ اس جماعت نے مہاراشٹر میں موجود سنیما تھیٹروں کے مالکان کو بھی ایک خط میں خبردار کیا ہے کہ وہ یہ مت بھولیں کہ اُن کے تھیٹر مہاراشٹر میں موجود ہیں اور وہ وہاں اُن کی دادا گیری نہیں چلنے دے گی۔

شو سینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راؤٹ نے بھی دھمکی دی ہے کہ اگر یش راج فلمز جیسی بڑی مچھلیاں چھوٹی مچھلیوں کو نگلتی رہیں گی تو وہ اُنہیں باور کرانا چاہتے ہیں کہ مہاراشٹر کے ٹائیگر بھی زندہ ہیں۔

اس سے قبل ان دونوں انتہا پسند ہندو جماعتوں نے ملکر پاکستانی اداکاروں کی بھارتی فملوں میں اداکاری بھی مکمل طور پر رکوا دی تھی۔

XS
SM
MD
LG