رسائی کے لنکس

پاکستانی فلموں میں بھی اب ہوگا ’کانٹے کا مقابلہ‘


اگست میں جو دو فلمیں باکس آفس پر اپنا راج قائم کرنے کے لئے مقابلہ کریں گی ان میں سے ایک زیبا بختیار اور جامی محمود کی ’آپریشن 21‘ اور دوسری عافیہ نتھانیل کی ’دختر‘ ہے

جی ہاں۔۔چونکئے نہیں۔۔پاکستانی فلموں کے بھی دن بدل گئے ہیں اور اب ان میں بھی ایک دوسرے سے بازی لے جانے کی دوڑ شروع ہوگئی ہے۔ جیسے جیسے عید کے دن قریب آرہے ہیں، نئی نئی فلموں کی بازگشت سنائی دینے لگی ہے۔

اچھی فلموں کی تخلیق نے پاکستانی سینما کو ایک نیا رنگ اور روپ عطا کر دیا ہے اور اب شائقین بھی بے صبری سے نئی پاکستانی فلموں کی ریلیز کا انتظار کرتے ہیں۔ ایک کے بعد ایک ہٹ فلموں کے بعد باکس آفس پر کچھ سناٹا سا چھا گیا تھا جو اگست کے مہینے میں ریلیز ہونے والی دو ’زوردار‘ فلموں کی ریلیز سے ٹوٹنے والا ہے۔

اگست میں جو دو فلمیں باکس آفس پر اپنا راج قائم کرنے کے لئے مقابلہ کریں گی ان میں سے ایک زیبا بختیار اور جامی محمود کی ’آپریشن 21‘ اور دوسری عافیہ نتھانیل کی ’دختر‘ ہے۔ دونوں فلمیں پاکستان کے 67 ویں یوم آزادی یعنی 14 اگست کو سینما گھروں کی زینت بنیں گی۔ ان دونوں فلموں میں باکس آفس کی جنگ جیتنے کے لئے کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

سال 2011میں بھی کچھ ایسی ہی صورتحال دیکھنے میں آئی تھی جب اداکارہ ریما خان کی ’لو میں گم‘ اور ڈائریکٹر سید فیصل بخاری کی ’بھائی لوگ‘ کا ٹاکرا ہوا۔ گو کہ’بھائی لوگ‘ کے باکس آفس کلیکشن بہتر رہے، لیکن دونوں فلموں کو سلمان خان کی فلم ’باڈی گارڈ‘ نے بہت پیچھے چھوڑ دیا تھا۔

پچھلے تجربے کو دیکھتے ہوئے اس مرتبہ ’آپریشن 21‘ کے ڈسٹری بیوٹر آئی ایم جی سی انٹرٹینمنٹ اور ’دختر‘ کے ڈسٹری بیوٹر ’جیو فلمز‘ نے فلموں کی ریلیز کی تاریخ میں رد و بدل کا فیصلہ کیا۔

ابتدا میں دونوں فلموں کو عید الفطر پر ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاکہ چھٹیوں کا فائدہ اٹھایا جاسکے۔ لیکن، اس بار پھر سلمان خان کی ’کک‘ درمیان میں آرہی ہے جو عید پر ریلیز ہوگی اس لئے ’آپریشن 21‘ اور ’دختر‘ اب کچھ تاخیر سے 14 اگست کو ریلیز کی جائیں گی۔

فلمی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ ’آپریشن 21‘ کو ’دختر‘ پر برتری حاصل ہے کیونکہ ایک تو اس فلم کے ہیرو ’شان‘ ہیں اور دوسری وجہ فلم کی زبردست مارکیٹنگ ہے۔ ’دختر‘ کی مارکیٹنگ کو جیو ٹیلی ویژن نیٹ ورک پر پابندی سے بھی دھچکا پہنچا ہے۔

’ایکسپریس ٹربیون ‘ نے ڈسٹری بیوٹرز کے حوالے سے بتایا ہے کہ فلم ’دختر‘کی کہانی ایک ماں اور اس کی 10سالہ لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو لڑکی کی قبائلی سردار سے شادی کے دن گھر سے فرار ہوجاتی ہیں اورجس کے بعددونوں کے خون کے پیاسے ان کی تلاش شروع کردیتے ہیں۔

’دختر‘ کی کہانی نتھانیل نے لکھی ہے اور اس کی کاسٹ میں شامل ہیں محب مرزا، سمعیہ ممتاز، صالحہ عارف، عدنان شاہ اور عجب گل۔

اس کے برعکس ’آپریشن 21‘ جاسوسی تھرلر ہے۔ فلم کے مرکزی کردار شان شاہد، آمنہ شیخ ایوب کھوسو اور حمید شیخ نے نبھائے ہیں۔

اب تک کی اطلاعات کے مطابق، دونوں فلمیں پاکستان بھرمیں 50سے 60اسکرینز پر پیش کی جائیں گی۔ اگر ڈسٹری بیوٹراور ایگزیبیٹر کے درمیان معاہد ہ طے پا گیا تو اسکرینز کی تعداد بڑھ بھی سکتی ہے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ایک سال پہلے فلم ’وار‘ 53اسکرینز پر پیش کی گئی تھی اس لئے اس بات کا امکان ہے کہ ’دختر‘ اور ’آپریشن 21‘ کم ازکم 70اسکرینز پر نمائش کے لئے پیش کی جاسکتی ہیں۔

سنگل اسکرین سینما کا منظرنامہ اس سے بالکل مختلف ہے۔ اگر ’دختر‘ اور ’آپریشن 21‘ کے پہلے دن کے کلیکشنز تسلی بخش نہ ہوئے تو ایگزیبیٹر سلمان خان کی ’کک‘ کو پیش کرسکتے ہیں۔

دارالحکومت اسلام آباد میں دونوں فلموں کی اوپننگ عمران خان کے سونامی مارچ سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ’وار‘ کی مجموعی کمائی کا10فیصد اسلام آباد اور اس کے قریبی علاقوں کے باکس آفس سے حاصل ہوا تھا۔

XS
SM
MD
LG