کراچی کے بیشتر واقعات کے پیچھے ’نامعلوم افراد‘ کا ہاتھ ہوتا ہے ۔۔۔یہ’نامعلوم افراد‘ کب، کہاں اور کس طرح اپنی کاروائی کرجائیں کوئی نہیں جانتا۔ یہاں تک کہ اگلے دن کے اخبارت میں بھی صرف اتنا ہی لکھا ہوتا ہے کہ واقعے کے پیچھے ’نامعلوم افراد‘ کا ہاتھ ہے۔ یہ’نامعلوم افراد‘ پولیس کے ہاتھ آئیں یا نہ آئیں۔۔۔فلمی پکڑ میں ضرور آگئے ہیں۔
جی ہاں۔۔۔کراچی والوں کے لئے یہ موضوع بہت زیادہ دلچسپ ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستانی فلموں میں فروغ پاتے ایک نئے رجحان کی زندہ مثال بھی بن گیا ہے۔ اگست میں ’نامعلوم افراد‘ کے نام سے ایک نئی فلم ریلیز ہونے والی ہے جس کا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔
لالی وڈ کی روایتی طرز سے ہٹ کر اس نئی پیشکش کے ہدایت کارنبیل قریشی ہیں۔ فلمی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ ان دنوں پاکستان فلم انڈسٹری پر بہار کا موسم چھایا ہوا ہے۔ ایک کے بعد ایک ہٹ فلم نے روٹھے ہوئے شائقین فلم کو ایک بار پھر سینما گھروں کا رخ کرنے پر مجبور کر دیا ہے جس کا ثبوت ہے ٹکٹ گھر کے سامنے لوگوں کی لمبی قطاریں ۔۔’نامعلوم افراد‘ کا ٹریلر دیکھ کر لگتا ہے کہ یہ بھی سنیما گھروں میں ہلچل مچادے گی۔
’فلم والا پکچرز‘ کے بینر تلے بننے والی اس فلم کے پروڈیوسر ہیں فضا علی مرزا۔ فلم کے ڈھائی منٹ کے ٹریلر کو دیکھ کر ہی لگتا ہے کہ باقی کی پکچر بھی زوردار اور ایکشن سے بھرپور ہوگی۔
ٹریلر میں فلم کے تین مرکزی کردار اپنی زندگی سنوارنے اور محبت کو پانے کے لئے جو پلان بناتے ہیں اس کی تکمیل کے چکر میں وہ انڈر ورلڈ ڈان کے ہتھے چڑھ جاتے ہیں جو انہیں اپنے مقاصد کے لئے استعمال کرنا چاہتا ہے اور یہیں سے ان تینوں افراد کی ڈان کے چنگل سے فرار کی کشمکش کا آغاز ہوتا ہے۔
تینوں مرکزی کردار ویٹرن ایکٹر جاوید شیخ،محسن عباس اور سلوراسکرین کے چاکلیٹی ہیرو فہد مصطفیٰ نے نبھائیں ہیں، جبکہ ڈان ’گوگی‘ کے روپ میں سلمان شاہد ولن کے روپ میں نظر آئیں گے۔ یہ الگ بات ہے کہ سلمان شاہد ولن کے ’کڑک‘ روپ کے بجائے کافی نرم قسم کے ولن دکھائی دئیے۔
ٹی وی اسٹاراور ماڈل عروہ فلم کی ہیروئن ہیں۔’نامعلوم افراد‘میں شہرکی امن وامان کی صورتحال کو اجاگرکرنے اور اس میں حقیقت کا رنگ بھرنے کیلئے بینک ڈکیتی،جلتی ہوئی گاڑیاں اورہڑتالوں کے مناظر کو فلم کا حصہ بنایا گیا ہے۔فلم میکرز کو امید ہے کہ عام آدمی کے مسائل پر بنی فلم شائقین کو ضرور متاثر کرے گی۔