باکسنگ کے معروف سابق کھلاڑی محمد علی کو نمونیا کے باعث علاج کے لیے اسپتال میں داخل کروا دیا گیا ہے۔
تین مرتبہ باکسنگ کے ہیوی ویٹ چیمپئین رہنے والے محمد علی ’پارکنسنز‘ یا اعصابی مرض ’رعشہ‘ میں مبتلا ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ محمد علی کی حالت مستحکم ہے اور جس اسپتال میں اُنھیں رکھا گیا اُس کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔
محمد علی کے ترجمان نے بتایا کہ بیماری کا جلد پتہ چل گیا اور اُن کی مکمل بحالی متوقع ہے۔
اس بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں کیوں کہ محمد علی کے خاندان نے اس ضمن میں تشہیر سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔
حالیہ برسوں میں محمد علی کی عوامی تقریبات میں شرکت بہت ہی کم ہو گئی تھی کیوں کہ وہ 1980ء کی دہائی کے وسط سے ’پارکنسنز یا رعشہ‘ کی بیماری میں مبتلا ہیں۔