رسائی کے لنکس

فٹ بال عالمی کپ: ارجنٹائن کی بوسنیا ہرزگوینا کے خلاف کامیابی


میچ کے دوسرے ہاف میں ارجنٹائن کے کپتان اور اسٹار کھلاڑی لیونل میسی نے شاندار گول کر کے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔

برازیل میں جاری فٹ بال عالمی کپ میں گروپ ایف کے ایک میچ میں ارجنٹائن نے بوسنیا ہرزگوینا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی۔

میچ کا آغاز انتہائی سنسنی خیز انداز میں ہوا اور تیسرے ہی منٹ میں ارجنٹائن کی جانب سے پہلا گول اس وقت کیا گیا جب بوسنیا کے کھلاڑی کے پاؤں سے لگ کر بال ان کے ہی گول میں چلی گئی۔

بوسنیا ہرزگوینا نے ارجنٹائن ٹیم کو مشکل میں ڈالے رکھا اور ایک گول کے خسارے کے باوجود پہلے ہاف تک انہیں مزید کوئی گول نہیں کرنے دیا لیکن بوسنیا ہرزگوینا کی ٹیم تمام تر کوششوں کے باوجود خود بھی گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔

میچ کے دوسرے ہاف میں ارجنٹائن کے کپتان اور اسٹار کھلاڑی لیونل میسی نے شاندار گول کر کے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔

میچ کے اختتامی منٹ میں بوسنیا ہرزگوینا نے ایک گول کر کے ورلڈ کپ میں اپنا پہلا گول اسکور کیا۔

ماہرین ارجنٹائن کی شاندار فتح کی پیش گوئی کر رہے تھے لیکن بوسنیا کی ٹیم نے ماہرین کو اپنی مہارت اور شاندار کھیل سے متاثر کیا۔

اس سے قبل فرانس نے ہونڈوراس کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی جب کہ سوئٹزلینڈ نے اکواڈور کو 1-2 سے ہرا دیا۔

فٹبال عالمی کپ میں پیر کو تین مقابلے ہوں گے جن میں اہم میچ جرمنی اور پرتگال کے مابین کھیلا جائے گا، دیگر دو میچوں میں ایران اور نائیجیریا جب کہ گھانہ اور امریکہ کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔
XS
SM
MD
LG