دن کا آغاز بھرے ہوئے پیٹ کے ساتھ کرنا شاید آپ کی عادت یا پھر مجبوری ہو سکتی ہے۔ تاہم غذائی ماہرین اب اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ صبح کا ناشتہ اچھی صحت کے لیے اتنا بھی ضروری نہیں ہے جتنا کہ پہلے اس کے بارے میں سوچا گیا تھا۔
طبی ماہرین ناشتے کو جسم کے کم وزن کےساتھ منسلک کرتے ہیں لیکن نئی تحقیق میں محققین کو پتا چلا کہ صبح کا ناشتہ کرنے یا اسے ترک کرنے سے آپ کی صحت پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
نئی تحقیق میں باتھ یونیورسٹی سے منسلک محققین نے وزن کم کرنے کے لیے طبی ماہرین کی سفارشات کے اثرات کی جانچ پڑتال کی ہے۔
باتھ یونیورسٹی میں شعبہ غذائیت سے منسلک لیکچرار ڈاکٹر جیمز بیٹس نے کہا کہ ناشتہ کرنے کا خیال موروثی طور پر ہمارے لیے اچھا معلوم ہوتا ہے۔
تاہم ان کا کہنا ہے کہ ''ناشتہ دن کا بہت اہم کھانا ہے اس دعویٰ کے پیچھے بہت کم سائنسی ثبوت ہیں۔''
سینیئر لیکچرار ڈاکٹر جیمز بیٹس نے کہا کہ ''اگرچہ ان فوائد میں منطق نظر آتی ہے لیکن مسئلہ یہ ہے کہ یہ زیادہ تر مفروضات ہیں جو مشاہدوں کی بنیادوں پر قائم کئے گئے ہیں اور انھیں کبھی ٹیسٹ نہیں کیا گیا ہے''۔
بقول ڈاکٹر جیمز بیٹس ''مجھے حیرانی ہوئی جب میں نے ثبوت کے لیے تلاش شروع کی اور میرا خیال تھا کہ اس حوالے سے مجھے بہت سے سائنسی ثبوت ملیں گے۔''
انہوں نے مزید کہا کہ ''ہمیں پتا چلا کہ دن کے ابتدائی کھانے کے فوائد پر اصل میں مناسب طریقے سے چھان بین نہیں کی گئی ہے''۔
تحقیق کے متعلق برطانوی خبررساں ادارے 'دا کنورسیشین' میں شائع ہونے والے مطالعے سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ ناشتے کے بارے میں یہ دعویٰ کہ ناشتہ ترک کرنے سے دن میں زیادہ بھوک لگتی ہے مکمل طور پر سچ نہیں ہے۔
ناشتہ صحت کو بہتر بناتا ہے یا نہیں، یہ دیکھنے کے لیے محققین نے ایک گروپ کے لوگوں کو 700 یا زیادہ کیلوریز کا ناشتہ کھانے کے لیے کہا اور دوسرے گروپ کے لوگوں کو دوپہر کے کھانے تک صرف پانی پر رکھا گیا۔
نتائج کے مطابق ناشتہ چھوڑنے والے شرکاء نے دوپہر کھانے میں زیادہ کھایا تھا لیکن اس کے باوجود انھوں نے 700 کیلوریز کے برابر نہیں کھایا۔
علاوہ ازیں ناشتہ چھوڑنے سے ان کی چربی کی سطح پر کوئی اثر نہیں پڑا تھا اور نا وزن میں اضافہ ہوا تھا۔
دوسری طرف ناشتہ کھانے والے شرکاء نے چلتے پھرتے یا ہلکی پھلکی ورزش کی مدد سے دوپہر تک اضافی حراروں کو جلایا تھا۔
ناشتہ کیا موڈ اور سوچ کی صلاحیت کو بہتر کر سکتا ہے یا پھر چائے یا کافی کے صحت پر کیا اثرات ہیں اس حوالے سے محققین نے اس مطالعے میں چھان بین نہیں کی ہے۔
برسٹل یونیورسٹی سے منسلک پروفیسر روجر کہتے ہیں کہ ہم میں سے بیشتر لوگوں کو کم کھانا چاہیئے اور شاید صبح کا ناشتہ ترک کرنا سب سے آسان ہو گا اور وزن کم کرنے کے لیے شاید کبھی کبھار ناشتہ چھوڑنا ایک اچھا موقع ہو سکتا ہے۔
ماہرین صحت اور غذا کی طرف سے طویل عرصے سے صحت مند ناشتے کے فوائد کو فروغ دیا جا رہا ہے اور وزن کم رکھنے کے لیے صبح میں روزمرہ کیلوریز کی ضرورت کا تقریباً ایک چوتھائی کھانے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔