برسٹل میں منگل کو انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ چھ وکٹوں سے اپنے نام کر لیا، اور اس طرح پانچ میچوں کی جاری سیریز میں اسے دو صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
شاندار بیٹنگ کے بعد انگلینڈ نے 359 کا ہدف چار کھلاڑی آؤٹ ہونے پر 44.5 اوورز میں حاصل کر لیا۔
بیئرسٹو نے 128 رنز کی جارحانہ بیٹنگ کی؛ جیسن روئے نے 76، اسٹوکس نے 37 اور روٹ نے 43 رنز بنائے، جب کہ معین علی نے 46 رنز اسکور کیے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
چوتھا ون ڈے انٹرنیشنل 17 مئی کو نوٹنگھم میں کھیلا جائے گا، جب کہ پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔
بیٹنگ کے دوران، انگلینڈ کی ٹیم آغاز ہی سے کھیل پر چھائی رہی، اور چھکوں اور چوکوں کی مدد سے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 359 رنز کا ہدف آسانی سے حاصل کر لیا۔
پاکستانی کھلاڑیوں نے کئی آسان کیچ ضائع کیے، جن میں بابر اعظم کی جانب سے معین علی کا کیچ بھی شامل ہے، جب انگلینڈ کا اسکور 300 پر تھا۔ برسٹل کا اسٹیڈیم شائقین سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔
انگلینڈ کی پہلی وکٹ 18 ویں اوور میں گری جب جیسن روئے 76 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر آصف علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس وقت انگلینڈ کو میچ جیتنے کیلئے باقی 26 اووروں میں 165 رنز درکار تھے۔
اس سے قبل پاکستان نے اپنی اننگ 9 وکٹوں پر 358 رنز کے ساتھ مکمل کی۔ یوں انگلینڈ کو یہ میچ جیتنے کیلئے 7.16 کی اوسط سے 359 رنز کا ہدف دیا گیا۔
پاکستان کی طرف سے امام الحق سب سے نمایاں بیٹسمین رہے۔ اُنہوں نے 131 گیندوں پر ایک چھکے اور 16 چوکوں کی مدد سے 151 رنز بنائے۔ اُنہیں 46 ویں اوور کی دوسری گیند پر کرن نے بولڈ کیا۔ اُن کے علاوہ آصف علی 52 رنز بنا کر وکس کی گیند پر جیسن روئے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے تھے۔ دوسرے نمایاں بیٹسمین حارث سہیل رہے جنہوں نے 41 گیندوں پر 41 رنز جوڑے جبکہ کپتان سرفراز احمد نے 27، عماد وسیم نے 22، حسن علی نے ناقابل شکست 18، بابر اعظم نے 15، فہیم اشرف نے 13، شاہین شاہ آفریدی نے 7 اور فخر زمان نے 2 رنز بنائے۔ جنید خان صفر کے سکور پر ناٹ آؤٹ رہے۔