رسائی کے لنکس

برطانیہ میں شدید گرمی : ایک عشرے بعد گرم ترین دن


محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے برطانیہ میں بدھ کو نو سال کے بعدگرم ترین دن ہوگا جس میں درجہ حرارت 36 سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جاسکتا ہے۔

دنیا کے بیشتر خطے اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ برطانیہ میں اس ہفتے شدید گرمی کی لہر جاری ہے۔ منگل کو ملک کے طول و عرض میں سال کا سب سے گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا۔

برطانوی محکمہ موسمیات نے بدھ کے لیے مزید گرم موسم کی پیش گوئی کی ہے جبکہ گرمی کی شدت کے پیش نظر حکام نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے۔

منگل کو برطانیہ میں درجہ حرارت 30 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جسے رواں برس کا اب تک کا گرم ترین دن قرار دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق بدھ کو نو سال کے بعدگرم ترین دن ہوگا جس میں درجہ حرارت 36 سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جاسکتا ہے۔

برطانوی صحت عامہ کے ادارے نے شدید گرمی کی حالیہ لہر سے بچنے کے لیے ملک بھر میں درجہ دوئم کی صحت کا انتباہ جاری کی ہے اور کہا ہے کہ اس موسم میں خاص طور پر سانس کے مریضوں، عمر رسیدہ افراد، بچوں اور کمزور لوگوں کی صحت کے لیے خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔

شدید گرمی کی وجہ سے برطانیہ میں لوگوں کے معمولات زندگی بھی متاثر ہوئے ہیں۔خاص طور پر نقل و حمل کے راستوں پر افراتفری پیدا ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے جبکہ بدھ کو دارالحکومت لندن کی کئی ٹرینوں کی پٹڑیوں کے پگھلنے کےخوف سے منسوخ کر دیا گیا ہے۔

حکام کی جانب سے سماجی کارکنوں اور کونسل کے عملے کو بھی الرٹ کیا گیا ہے تاکہ وہ گرمی سے نڈھال افراد کی مدد کی جائے۔

ماہرین موسمیات کے مطابق برطانیہ میں براعظم یورپ سے غیر معمولی گرم ہوائیں داخل ہوئی ہیں جس کی وجہ سے موسم شدید گرم ہو گیا ہے بتایا گیا ہے کہ آج شدید گرم موسم کے ساتھ تیز دھوپ اور ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ رہے گا اور کم ہواؤں کے ساتھ پورا دن حبس طاری رہے گا۔

روزہ داروں کے لیے خصوصی ہدایت جاری

حکام کی جانب سے روزہ داروں کے لیے بھی خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں اور انھیں پانی کی کمی سے بچنے کے لیے افطار اور سحری میں زیادہ پانی پینے کےلیے کہا گیا ہے۔

برمنگھم میں پبلک ہیلتھ آف انگلینڈ کے ڈائریکٹر ایڈرین فلپ نے کہا کہ گرمی کی حالیہ لہر رمضان المبارک کے مہینے میں روزہ داروں کے لیے مخصوص مسائل پیدا کرسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موسم گرما میں پانی کی کمی ایک عام اور خطرناک مسئلہ ہے لہذا شدید گرم دنوں میں روزے داروں کو چاہیئے کہ وہ اس ضمن میں توازن قائم کریں اور روزے کے بعد کافی پانی کا استعمال کریں ۔

انھوں نے کہا کہ اگر روزے کی حالت میں آپ کی طبیعت ناساز معلوم ہو اور چکر یا تھکاوٹ محسوس کر رہے ہیں یا بے ہوش ہو جائیں تو اس حالت میں ڈاکٹروں کی جانب سے روزہ توڑنے کے لیے کہا جاتا ہے اور پانی یا مشروب پینا ضروری ہوتا ہے۔

سرکاری طور پر سال کا گرم ترین دن

منگل کو ملک کے جنوب مشرقی علاقوں میں درجہ حرات 30 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔جولائی کے مہینے میں برطانیہ میں سب سے گرم ترین دن 19 جولائی 2006 کو ریکارڈ کیا گیا تھا جب لندن میں درجہ حرارت 36 سینٹی گریڈ ریکارڈ تک پہنچ گیا تھا۔

برطانیہ کی تاریخ کا گرم ترین دن 10 اگست 2013 تھا جب لندن سے قریب کینیٹ کے علاقے میں 38 سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کے تیس سالہ ریکارڈ میں جولائی ایک معتدل گرم مہینہ رہا ہے جس میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرات 20سینٹی گریڈ رہتا ہے تاہم ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں برس جولائی سال کا گرم ترین مہینہ ثابت ہو سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG