رسائی کے لنکس

برطانوی پاسپورٹ ویزا فری سفر کے لیے سر فہرست


برطانوی شہری اپنے میرون پاسپورٹ کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں جنھیں دنیا کے 173 ملکوں میں ویزا کے بغیرسفر کرنے کی سہولت حاصل ہےجبکہ,دنیا بھرمیں ویزا فری سفر کرنے کے حوالے سے ریاستہائے متحدہ امریکہ کے شہری دوسرے نمبر پر ہیں ۔

ایک بین الاقوامی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برطانوی شہریت کے حامل افراد ویزا فری سفر کے وسیع ترین مواقع سے لطف اندوز ہونے والےخوش نصیبوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں ،جن کا پاسپورٹ انھیں بنا ویزے کے دنیا کے تقریبا تمام ملکوں میں سفر کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہےجبکہ ، دنیا بھرمیں ویزا فری سفر کرنے کے حوالے سے ریاستہائے متحدہ امریکہ کے شہری دوسرے نمبر پر ہیں ۔

ایک بین الاقوامی مشاورتی فرم' ہینلی اینڈ پارٹنرز'نے دنیا بھر کےملکوں اور خطوں کے ویزا قواعدوضوابط کے تجزیہ کے بعد ویزا پابندیوں کے حوالے سے ایک فہرست تیار کی ہے ۔2013 کی سالانہ فہرست میں دنیا کےتمام ملکوں کے شہریوں کی بین الاقوامی سفرمیں حاصل ہونے والی آزادی کی بنیاد پردرجہ بندی کی گئی ہے۔

فہرست کے مطابق ، برطانوی شہری اپنے میرون پاسپورٹ کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں جنھیں دنیا کے 173 ملکوں میں ویزا کے بغیر سفر کرنے کی سہولت حاصل ہےجبکہ،اسی درجے پر فن لینڈ اور سویڈن کے شہری بھی موجود ہیں ۔

امریکی شہریوں کا نیلا پاسپورٹ دنیا کے 172 ملکوں کے لیے ویزا فری انٹری کی سہولت فراہم کرتا ہے علاوہ ازیں یورپی یونین کے رکن ممالک ڈنمارک، لگزمبرگ، جرمنی، بیلجیئم، اٹلی اور نیدرلینڈ کی شہریت رکھنے والوں کا شمار امریکہ کے ساتھ دوسرے اور تیسرے درجے پرکیا گیا ہے۔

دوسرے گروپ کے دس ملکوں میں کینیڈا، جاپان، ناروے،نیوزی لینڈ،اور سوئٹزرلینڈ شامل ہیں جنھیں ویزا کی شرط کے بغیر دنیا کے بیشتر ملکوں میں سفر کرنے کا حق حاصل ہے۔

'ہینلی اینڈ پارٹنرز' کی فہرست میں ان ملکوں کے شہریوں کو جنھیں اپنے پاسپورٹ پردنیا بھرمیں آزادی سے سفر کرنے کے حوالے سے کم فوائد حاصل ہیں آخری دس درجوں پر رکھا گیا ہے ۔

گذشتہ برس کی طرح پاکستانی شہریوں کا سبز پاسپورٹ اس سال بھی آخری تین درجوں میں شامل ہے اور اس کا نمبر 91 ہے۔ پاکستانی شہری ویزا کے بغیرگرین پاسپورٹ کے ساتھ 32 ملکوں میں رسائی حاصل کر سکتے جبکہ ،اسی نمبر پر پاکستان کا ساتھ صومالی شہری بھی دے رہے ہیں ۔

دنیا کی سب سے زیادہ آبادی رکھنے والے ملک چین اور ہندوستان بھی اس فہرست میں نمایاں جگہ نہیں بنا پائے ۔ ہندوستانی پاسپورٹ شہریوں کے لیے دنیا کے 52 ملکوں کے دروازے کھولتا ہے جبکہ چین کا پاسپورٹ 44 ملکوں میں ویزا کی شرط کے بغیر سفرکرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے پاسپورٹ پرشہریوں کو دنیا بھر میں آزادی سے سفر کرنے کے حوالے سے 54 نمبر پر ہے اسی طرح قطر 57، بحرین 59 اور سعودی عرب کے شہریوں کو 64 ویں درجے پر شامل کیا گیا ہے ۔

نیپال، سری لنکا، فلسطین، سوڈان اور لبنان کی شہریت رکھنے والے آخری دس ملکوں کی درجہ بندی میں شامل کئے گئےہیں جنھیں ویزا کے بغیربین الاقوامی سیاحت سے لطف اندوز ہونے کےلیے بہت کم آزادی حاصل ہے ۔

کمزور پاسپورٹس کے حامل شہریوں میں عراق 92درجے پراور افغانستان کا نیلا پاسپورٹ اس فہرست میں سب سے آخری نمبر پرموجود ہے افغانی شہریوں کو دنیا کےصرف 28 ملکوں تک ویزا کے بغیر رسائی حاصل ہے۔
XS
SM
MD
LG