وہائٹ ہاؤس نے اعلان کیا ہے کہ برطانیہ کے وزیرِاعظم ڈیوڈ کیمرون آئندہ ماہ امریکہ کا دورہ کریں گے۔
جمعہ کو کیے گئے اعلان کے مطابق برطانوی وزیرِاعظم دو روزہ دورے پر 13 مارچ کو واشنگٹن پہنچیں گے۔ برطانوی خاتونِ اول سمانتھا کیمرون بھی ان کے ہمراہ ہوں گی۔
وزیرِاعظم کیمرون دورے کے دوران میں امریکہ کے صدر براک اوباما سے بھی ملاقات کریں گے جس میں دیگر امور کے علاوہ افغانستان میں جاری جنگ اور ایران کے جوہری پروگرام پر عالمی برادری کے بڑھتے ہوئے خدشات پر تبادلہ خیا ل کیا جائے گا۔
وہائٹ ہاؤس کے مطابق ملاقات کے ایجنڈے میں مئی میں ہونے والی نیٹو کانفرنس اور امریکی شہر شکاگو میں 'جی-8' سربراہ اجلاس سے متعلق امور بھی زیرِ غور آئیں گے۔
وہائٹ ہاؤس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر اور برطانوی وزیرِ اعظم کے درمیان ایک مضبوط ذاتی تعلق قائم ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس صدر اوباما اور خاتونِ اول مشیل اوباما نے برطانیہ کا دورہ کیا تھا۔