رسائی کے لنکس

برطانیہ: کنٹینر سے 39 افراد کی لاشیں برآمد، ڈرائیور گرفتار


​پولیس کے مطابق ممکنہ طور پر ٹرک شمالی ویلز پورٹ کے مقام ہولی ہیڈ سے برطانیہ میں داخل ہوا جو کہ آئرلینڈ سے آنے والا اہم پوائنٹ ہے۔ (فائل فوٹو)
​پولیس کے مطابق ممکنہ طور پر ٹرک شمالی ویلز پورٹ کے مقام ہولی ہیڈ سے برطانیہ میں داخل ہوا جو کہ آئرلینڈ سے آنے والا اہم پوائنٹ ہے۔ (فائل فوٹو)

برطانیہ کی پولیس نے شمال مشرقی علاقے میں ٹرک کنٹینر سے 39 افراد کی لاشیں برآمد کی ہیں جب کہ مشتبہ ڈرائیور کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق بدھ کی صبح پولیس نے دارالحکومت لندن سے 20 میل کی دوری پر صنعتی علاقے میں ایک کنٹینرز سے دوران تلاشی 39 افراد کی لاشیں برآمد کی ہیں۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ مذکورہ کنٹینر بلغاریا سے آرہا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 25 سالہ مشتبہ ڈرائیور کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جو شمالی آئرلینڈ کا رہائشی ہے۔

ہلاک افراد میں 38 افراد بڑی عمر کے ہیں اور ایک نوجوان شامل ہے اور تمام افراد مردہ پائے گئے تھے۔

پولیس کے مطابق ممکنہ طور پر ٹرک شمالی ویلز پورٹ کے مقام ہولی ہیڈ سے برطانیہ میں داخل ہوا جو کہ آئرلینڈ سے آنے والا اہم پوائنٹ ہے۔ پولیس نے امکان ظاہر کیا ہے کہ ٹرک نے ہفتے کو بلغاریا سے لندن کی طرف اپنا سفر شروع کیا تھا۔

اسیکس پولیس کے چیف سپرنٹنڈنٹ اینڈریو مارنیر کا کہنا ہے کہ ہلاک افراد کی شناخت کی کوشش کی جارہی ہے اور اس میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ کا مزید کہنا تھا کہ ٹرک ڈرائیور حراست میں ہے جس سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے جب کہ پولیس نے صنعتی علاقے کا محاصرہ کر لیا ہے جس سے تاجروں کو اپنی صنعتی یونٹوں تک پہنچنے میں مشکلات درپیش ہیں۔

دوسری جانب بلغاریا کی وزارت خارجہ کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ فوری طور پر اس کی تصدیق نہیں کی جاسکتی ہے ٹرک نے ان کے ملک سے سفر کا آغاز کیا تھا۔

ترجمان بلغارین وزارت خارجہ ویتانا کرستیوا کا کہنا ہے کہ برطانوی میڈیا میں ٹرک سے لاشوں کی برآمدگی سے متعلق خبریں آنے کے بعد اس حوالے سے معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں اور برطانوی حکام سے رابطے میں ہیں۔

وزیر اعظم بورس جانسن نے واقعے کو ہولناک قرار دیا ہے۔ اپنے ٹوئٹ میں وزیر اعظم جانسن نے کہا کہ انہیں معلومات موصول ہورہی ہیں اور محکمہ داخلہ اسیکس پولیس کے ساتھ واقعے سے متعلق معلومات اکٹھی کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔

وزیر اعظم بورس جانسن کا مزید کہنا تھا کہ ان کی ہمدریاں متاثرہ افراد اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

XS
SM
MD
LG