رسائی کے لنکس

بیلجیئم میں سکیورٹی بدستور انتہائی سخت


عسکریت پسندوں کی طرف سے مربوط حملوں کے خطرے کے پیش نظر میٹرو سروس کو بند کر دیا گیا تھا اور لوگوں کو پرہجوم مقامات سے دورے رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

بیلجیئم نے اپنے دارالحکومت برسلز میں اتوار کو بھی سکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کو برقرار رکھا اورآج کے دن کسی وقت پولیس اور عدالتی سروسز کی طرف سے ان اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

حکومت کی سکیورٹی معاملات پر رہنمائی کرنے والے ادارے بیلجیئم کرائسز سنٹر نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر جاری ایک بیان میں کہا کہ برسلز میں چار درجے کی انتہائی بلند سطح کی سکیورٹی کو برقرار رکھا گیا ہے جو " ایک انتہائی شدید خطرے " کو ظاہر کرتی ہے جبکہ ملک کے باقی حصوں میں درجہ تین کی سکیورٹی کو برقرار رکھا گیا ہے جو ایک امکانی خطرے کی سطح ہے۔

بیلجیئم نے ہفتے کو برسلز میں سکیورٹی اقدامات انتہائی سخت کر دیے تھے اور عسکریت پسندوں کی طرف سے مربوط حملوں کے خطرے کے پیش نظر میٹرو سروس کو بند کر دیا گیا تھا اور لوگوں کو پرہجوم مقامات سے دورے رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

بیلجیئم میں ہونے والے انتہائی سخت سکیورٹی اقدامات گزشتہ ہفتے پیرس میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کے پس منظر میں کیے گئے ہیں جہاں داعش سے وابستہ شدت پسندوں نے مختلف مقامات پر حملے کر کے 130 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

بیلجیئم میں پیرس حملوں میں ملوث ہونے کے الزام میں اب تک متعد د افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔

XS
SM
MD
LG