برما کے نسلی گروپ کیرن نے پیر کے روز ملک میں حقیقی امن اوروفاقی اتحاد قائم کرنے کے لیے قومی مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے کی اپیل کی ہے۔
نسلی تنظیم ’کیرن نیشنل یونٹی کمیٹی ‘ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی سویلین حکومت کے تحت سیاسی اصلاحات کے باوجود کیرن علاقوں میں صورت حال میں بہتری نہیں آئی اور کیرن لوگوں کے حقوق اور تحفظ کی ابھی تک ضمانت فراہم نہیں کی جاسکی ہے۔
کمیٹی کا کہنا تھا کہ کیرن کی عالمی کانفرنس 27 فروری سے یکم مارچ تک ریاست کیرن میں منعقد ہوئی تھی، جس میں برما اور دنیا بھر سے کیرن کمیونیٹیز، خواتین، نوجوانوں اور دیگر کیرن تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 167 نمائندوں نے شرکت کی۔
کمیٹی نے بین الاقوامی برداری سے اپیل کی کہ وہ حقیقی امن کے حصول تک برما کی حکومت پر اپنا دباؤ برقرار رکھے۔
کانفرنس میں شریک وفود نے تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔