رسائی کے لنکس

امن کے گیت کے ساتھ بشریٰ انصاری کا یو ٹیوب چینل متعارف


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان ٹی وی کی نامور اداکارہ بشریٰ انصاری نے پاکستان اور بھارت کے لیے امن کے پیغام کے ساتھ اپنا آفیشل یوٹیوب چینل متعارف کرا دیا ہے۔

چینل کی پہلی پیشکش ایک پنجابی گانا 'ہمسائے ما جائے' ہے۔ گانے کی ویڈیو میں دو بہنوں کو دکھایا گیا ہے۔ ان دونوں کے درمیان ایک دیوار کھڑی ہے جو سرحدوں کی علامت ہے۔

دیوار کے ایک جانب ایک بھارتی خاتون (بشریٰ انصاری) اور دوسری جانب پاکستانی خاتون اور بشریٰ کی بہن اداکارہ اسما عباس موجود ہیں۔

دونوں بہنیں ایک گانا 'ہمسائے ما جائے' گا رہی ہیں جس کی شاعری میں کچھ گلے شکوے اور کچھ ساجھے کی باتیں کی گئی ہیں۔ یعنی زمین دونوں ممالک کی ایک جیسی ہے۔ چاند، ستارے، کھانا پینا، خوراک، پوشاک ایک ہی جیسی ہیں اور دونوں جانب کے لوگ امن اور محبت چاہتے ہیں۔

دونوں بہنیں ایک دوسرے سے ملاقات کی خواہش رکھتی ہیں اور کچھ نہیں کر سکتیں تو ایک دوسرے کی محبت سے سرشار اپنی اپنی 'چنریوں' (دوپٹوں) کا تبادلہ کرلیتی ہیں۔

دونوں یہ کہتی ہیں کہ ہمارے مسائل بھی 'ساجھے' ہیں، وہی بجلی، پانی کی کمی اور وہی غربت کا 'جن' جو ادھر بھی ہے اور ادھر بھی۔

ایٹم بم یہاں بھی ہے، اور وہاں بھی ہے۔ جدھر سے بھی چلا لاکھوں انسان مرجائیں گے۔۔۔ تو کیوں ناں اس ایٹم بم کو ہی 'چولہے' میں ڈال دیں اور دونوں امن، محبت اور انسانیت کے گیت گنگنائیں۔

گیت کا بنیادی مقصد محبت اور امن کے پیغام کو پھیلانا اور یہ ظاہر کرنا ہے کہ دونوں ممالک کے عوام باہمی محبت اور امن کے متلاشی ہیں اور جب تک یہ امن نہیں آجاتا، مسائل کا حل ہونا مشکل ہے۔

گیت کی پیشکش خود بشریٰ انصاری کی ہے جب کہ ڈائریکشن اقبال حسین نے دی ہیں۔ گیت کے بول بشریٰ انصاری کی تیسری بہن نیلم احمد بشیر نے لکھے ہیں۔

XS
SM
MD
LG