پاکستان میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے 21 حلقوں میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ
پاکستان میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے 21 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں ووٹنگ کا سلسلہ جاری ہے جب کہ قومی اسمبلی کی پانچ اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر پولنگ صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔
قومی اسمبلی کے جن حلقوں میں ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں ان میں پنجاب کے دو، خیبر پختونخوا کے دو جب کہ سندھ کا ایک حلقہ شامل ہے۔
علاوہ ازیں صوبائی اسمبلی کی جن نشستوں پر ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں ان میں پنجاب اسمبلی کی 12 اور خیبر پختونخوا اور بلوچستان اسمبلیوں کی دو دو نشستیں شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن کی درخواست پر وفاقی حکومت نے سول آرمڈ فورسز اور فوج تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔ پولیس سیکیورٹی کے پہلے، سول آرمڈ فورسز دوسرے جب کہ فوج تیسرے حصار میں تعینات ہو گی۔