رسائی کے لنکس

زندگی کے ذائقوں کی کہانی، ’کیک‘


لندن کا لیسٹر اسکوائر نئی فلموں کے رنگا رنگ پریمئر اور ان فلموں کی کاسٹ کی پریمیئرز میں شرکت کرنے کے لئے مشہور ہے۔ ہالی وڈ کی میگا ہٹ فلموں میں سے شاید ہی کوئی ایسی فلم ہو جس کا پریمئیر لیسٹر اسکوائر میں نہ ہوا ہو۔ گزشتہ ہفتے اسی لیسٹر اسکوائر میں پہلی بار ایک پاکستانی فلم کا ورلڈ پریمئر بھی پوری دھوم دھام سے ہوا؛ جس کا نام ہے ’کیک‘۔

لیسٹر اسکوائر کے ویو سینما میں ہونے والے پریمئر میں شوبز اور دیگر شعبوں کی شہرت یافتہ شخصیات مثلا نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی، برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ اور دیگر نے بھی شرکت کی اور فلم کی تعریف کی۔

پاکستان میں فلم ’کیک‘ کے پریمیئر میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان بھی شامل تھے، جنہوں نے فلم دیکھنے کے بعد ’کیک‘ کی کاسٹ سے ملاقات بھی کی اور ٹوئٹر پر نہ صرف فلم کو سراہا بلکہ کاسٹ کے ساتھ اپنی تصویر بھی شیئر کی۔

کیک‘ میں اداکارہ صنم سعید، آمنہ شیخ، عدنان ملک نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جبکہ فلم کوڈائریکٹ کیا ہے عاصم عباسی نے۔

رواں ماہ کی 30 تاریخ کو ریلیز ہونے والی ’کیک‘ کا نام فلموں کی عام ڈگر سے ہٹ کر کیوں ہے اس سوال کے جواب میں اداکار عدنان ملک کا کہنا تھا کہ یہ علامتی نام مختلف تہوں یعنی رشتوں پر مشتمل خاندان کو دکھانے کے لئے استعمال کیا گیا۔ جیسے مختلف تہیں مل کر کیک کو مزیدار بناتی ہیں، اسی طرح خاندانی رشتے ان کی نوک جھونک اوردکھ سکھ زندگی کو ذائقہ دیتے ہیں۔

’ایکسپریس ٹریبون‘ سے انٹرویو میں آمنہ شیخ نے ’کیک‘ میں کام کرنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ’ فلم کا اسکرپٹ بہت مضبوط ہے۔ اسے پڑھ کر میں ہنسی اور روئی بھی۔ کسی بھی اداکار کے لئے ایسا اسکرپٹ پرکشش ہوتا ہے۔ میرا کردار تین بہن بھائیوں میں درمیانی بہن کا ہے جو بیکنگ بھی اچھی کر لیتی ہے اور وقت کے تقاضوں کے مطابق بڑی بہن کا کردار بھی نبھاتی ہے۔

اداکارہ صنم سعید نے آمنہ شیخ کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ’’یہ اسکرپٹ اور فلم کی ٹیم تھی جس نے انہیں ’کیک‘ میں کام کرنے پر مجبور کیا۔ اچھی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ اچھا رہا۔

فلم کا سب سے یادگار لمحہ کون ساتھا؟ اس بارے میں صنم سعید اور آمنہ شیخ نے کہا کہ ’فلم میں ون ٹیک دس منٹ کا سین تھا جو ہم سب کے لئے ہی بڑا چیلنجگ رہا۔ آمنہ کے بقول، ’’ون ٹیک سین میں صرف اداکار ہی نہیں بلکہ لائٹس، کیمرہ کریو، لوکیشن، فریمز سب ہی حرکت میں ہوتے ہیں۔ پوری دنیا میں فلموں میں ون ٹیک کم ہی استعمال ہوتا ہے اس لئے یہ سب کے لئے بڑا مختلف تجربہ تھا۔‘‘

آمنہ شیخ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ’کیک‘ میں ڈانس نمبر اس لئے نہیں ہے کہ اسکرپٹ کے مطابق اس کی ضرورت نہیں تھی۔ یہی وجہ ہے کہ فلم میں ڈانس نمبر کی کمی دیکھنے والوں کو بھی محسوس نہیں ہوگی۔

آمنہ شیخ نے بھارت میں پاکستانی آرٹسٹوں پر پابندی کو انتہائی قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’بدقسمتی سے بہت سی باتیں سیاسی وجوہات پر ہوتی ہیں۔‘

عدنان ملک کا کہنا تھا کہ جوآرٹسٹ بھارت جاتے تھے وہ بہت کچھ سیکھ کر واپس آتے تھے۔ بقول اُن کے، ’’چیزوں میں بہتری شیئرنگ سے ہی آتی ہے‘‘۔

XS
SM
MD
LG