رسائی کے لنکس

  کیلی فورنیا میں سال نو پر شدید بارشیں اور برفباری


 کیلی فورنیا میں سال نو کی رات طوفان کا ایک منظر :فوٹو اے پی
کیلی فورنیا میں سال نو کی رات طوفان کا ایک منظر :فوٹو اے پی

شمالی کیلی فورنیا کے دیہی علاقوں میں سال نو کے پہلےدن ایک طاقتور طوفان کے باعث زبردست بارش اورشدید برفباری نے ریاست کے بیشتر حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ طوفان کی شدت سے دریا کے پشتے ٹوٹ گئے ، ٹریفک شدید متاثر ہوا اور بڑی شاہراہیں بند کر دی گئیں ۔ طوفان کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر انتظامیہ نے لوگوں کو علاقہ خالی کرنے کے لیے تیار رہنے کا کہا ہے۔

سیلاب سے سب سے زیادہ متاثرسیکرامینٹو کے جنوب میں لگ بھگ 32 کلو میٹر پر واقع زرعی علاقہ ہوا جہاں سیلابی پانی دریاؤں سے باہر امڈ آیا اور ریاست کے روٹ 99 پر درجنوں کاریں پانی میں ڈوب گئیں ۔

ہنگامی عملے نے سال نو کی رات سے اتوار کی صبح تک کارسوارو ں کو بچایا اور شاہراہ مسلسل بند رہی۔

انٹر اسٹیٹ روٹ 5 کے قریب کئی نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کو بتایا گیا کہ اس سے پہلے کہ پانی کی بلند ہوتی ہوئی سطح سے مزید سڑکیں بند ہوجائیں اور انخلاء ناممکن ہو جائے وہ اپنے گھر چھوڑنے کے لئے تیار ہو جائیں ۔

ہنگامی سروسز سے متعلق سیکرامینٹو کاؤنٹی کے دفتر نے اتوار کی سہ پہر ٹوئٹر پر کہا کہ متاثرہ علاقوں میں مویشیوں کو زیادہ بلندجگہوں پر متنقل کردینا چاہئے ۔

اکتیس دسمبر 2022 کو کیلی فورنیا ہائی وے پر طوفان کا ایک منظر : فوٹو اے پی
اکتیس دسمبر 2022 کو کیلی فورنیا ہائی وے پر طوفان کا ایک منظر : فوٹو اے پی

کیلی فورنیا کے ٹرانسپورٹ کے محکمے نے کہا ہے کہ سال نو کی رات جھیل ٹاہو کے قریب برفانی طوفان کے دوران انٹر اسٹیٹ روٹ 80 پر پھنسنے والی کاروں کے درجنوں ڈرائیورز کو بچایا گیا ۔

سان فرانسسکو بے ایریا سے پہاڑوں تک جانے والے کلیدی راستے کو اتوار کے روز زان مسافر کاروں کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا، جن کے ٹائر وں پر پھسلنے سے بچنے کیلئےزنجیریں بندھی تھیں۔

آن لائن سیکرامینٹو کے میونسپل یوٹیلیٹی ڈسٹرکٹ کے ایک نقشے کے مطابق ، ریاستی دار الحکومت کے شمال میں ہنگامی عملے نے سڑکوں اور فٹ پاتھوں پرگرجانے والے درختوں ہٹا کر صاف کیا جب کہ کم از کم 33 ہزار صارفین اتوار کو بجلی سے محروم تھے۔ نقشے کے مطابق اس سے ایک رو ز قبل یہ تعداد ڈیڑھ لاکھ تھی۔

یکم جنوری کو لاس اینجلس میں طوفان کے دوران گرے ہوئے درخت اور ٹریفک کی بندش کا ایک منظر: فوٹو اے پی
یکم جنوری کو لاس اینجلس میں طوفان کے دوران گرے ہوئے درخت اور ٹریفک کی بندش کا ایک منظر: فوٹو اے پی

کیلی فورنیا ہائی وے پٹرول نے ٹوئٹر پر کہا کہ سڑکیں بہت پھسلواں ہیں اس لیے آہستہ چلیں تاکہ انٹر اسٹیٹ روٹ 80 کو کھلا رکھا جا سکے ۔ متعدد دوسری شاہراہیں بھی کھول دی گئیں ۔

سیرانواڈ کےبلند علاقےا اور میمتھ مؤنٹین اسکی ایریا میں چار فٹ یا ایک اعشاریہ دو میٹر تک برف جمع ہو چکی ہے جس کے نتیجے میں چئیر لفٹ کھولنے میں طویل التوا ہو گا ۔

کیلی فورنیا کے ایک ڈسٹرکٹ میں اکتیس دسمبر2022 کے طوفان کے دوران یک ہائی وے کو برف سے صاف کیا جا رہاہے: فوٹو اے پی
کیلی فورنیا کے ایک ڈسٹرکٹ میں اکتیس دسمبر2022 کے طوفان کے دوران یک ہائی وے کو برف سے صاف کیا جا رہاہے: فوٹو اے پی

موسمیات کے قومی محکمے کے مطابق سان فرانسسکو میں اندرون شہر میں سال نو کی شام ، 5 اعشاریہ 46 انچ بارش ہوئی جو ریکارڈ کے مطابق 1994 کے بعد دوسری سب سے زیادہ بارش تھی ۔

ٹوئٹر پر پوسٹ کی گئی ویڈیوز میں سان فرانسسکو کی سڑکوں پر بہتے ہوئے مٹیالے پانی کو دکھایا گیا جب کہ اوک لینڈ میں ایک سیڑھی شدید بارش کے نتیجے میں فی الواقع ایک آبشار بن گئی ۔

جنوبی کیلی فورنیا میں سین برنارڈینو اور اورنج کاونٹیز میں متعدد لوگوں کو سیلابی پانیوں میں ڈوبی کاروں سے نکال کر بچایا گیا۔

سان فرانسسکو کیلی فورنیا میں اکتیس دسمبر2022 کو سڑکوں پر پانی کی صورتحال : فوٹو ایسو سی ایٹڈ پریس
سان فرانسسکو کیلی فورنیا میں اکتیس دسمبر2022 کو سڑکوں پر پانی کی صورتحال : فوٹو ایسو سی ایٹڈ پریس

خشک سالی سے متاثرریاست کیلی فورنیا میں بارش کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔ ریاست کے لیے گزشتہ تین سال ریکارڈ خشک ترین سال رہے ہیں لیکن نمایاں فرق لانے کے لیےاب بھی بہت زیادہ بارشوں کی ضرور ت ہے ۔

سیکرا مینٹو میں موسمیات کے قومی محکمے کی ایک ماہر ، حانا شینڈلر کولی نے کہا ہے کہ یہ ریاست بھر میں ایک ہفتے کے دوران متوقع متعدد طوفانوں میں سے پہلا تھا۔ ہفتے کے روز کا طوفان نسبتاً گرم تھا لیکن رواں ہفتے کا زیادہ سر د ہو گا۔

اسٹینفورڈ کیلی فورنیا میں لوگ اکتیس دسمبر2022 کو بارش میں چلتے ہوئے : فوٹو اے پی
اسٹینفورڈ کیلی فورنیا میں لوگ اکتیس دسمبر2022 کو بارش میں چلتے ہوئے : فوٹو اے پی

کولی کا کہنا تھا کہ سیکرا مینٹو میں اس ہفتے کل 4 سے 5 انچ تک بارش ہو سکتی ہے ۔ لاس اینجلس کے علاقے میں موسمیات کے قومی محکمے کے دفتر نے کہا ہے کہ منگل اور بدھ کو جنوبی کیلی فورنیا میں بھی شدید بارشوں کے ایک اورسلسلے کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔

اس رپورٹ کا مواد ایسو سی ایٹڈ پریس سے لیا گیا ہے ۔

XS
SM
MD
LG