رسائی کے لنکس

جنگل کی آگ سے کیلی فورنیا میں چالیس لاکھ ایکڑ اراضی خاکستر


کیلی فورینا کے جنگلات میں سینکڑوں مقامات پر آگ بھڑک رہی ہے اور ہزاروں فائر فائیٹرز آگ پر قابو پانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔
کیلی فورینا کے جنگلات میں سینکڑوں مقامات پر آگ بھڑک رہی ہے اور ہزاروں فائر فائیٹرز آگ پر قابو پانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگی آگ نے اس سال چار ملین ایکڑ یعنی چھ ہزار دو سو پچاس مربعع میل کو اپنی لپیٹ میں لے کر وہاں ہر شے کو خاکستر کر دیا ہے۔ یہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔ اس سے پہلے ایک سال کے عرصے کے دوران اس سے نصف علاقہ آگ کی زد میں آیا تھا۔

کیلی فورنا کے فائر ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ جنگلات میں لگی آگ کے سیزن کا ختم ہونے میں ابھی دو ماہ باقی ہیں۔ اس سے دو برس قبل 2600 مربع میل کا علاقہ آگ کی لپیٹ میں آیا تھا۔

کال فائر نامی کیلی فورنیا کے فاریسٹری اور فائر پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ کے ترجمان اسکاٹ مکلین کہتے ہیں کہ چار ملین ایکڑ کا علاقہ آگ کی زد میں آنا ناقابلِ فہم ہے جسے انسان سوچ کر چونک جاتا ہے اور سانس رک سی جاتی ہے۔

کال فائر کی جانب سے اتوار کے روز جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اب تک کیلی فورنیا میں لگ بھگ 82 ہزار مقامات پر جنگل میں آگ لگی ہوئی ہے جس کی زد میں آئے چار ملین ایکڑ سے زیادہ علاقے میں موجود ہر چیز راکھ ہو چکی ہے۔

ریاست کنیکٹیکٹ سے بڑا علاقہ آگ کی زد میں آ چکا ہے۔ تقریباً 17 ہزار فائر فائٹر ریاست بھر میں دو درجن کے قریب لگی بڑی آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہےہیں۔

تاہم اِن نامساعد حالات میں بھی اختتامِ ہفتہ پر صورتِ حال بہتر ہونے کی کچھ علامات نظر آئیں۔

حالیہ دنوں میں توقع کی جا رہی تھی کہ تیز ہواؤں کی وجہ سے شعلے مزید طاقت ور ہوں گے۔ لیکن ایسا نہیں ہوا اور ہفتے کے روز شدید آگ کا انتباہ واپس لے لیا گیا۔

در حقیقت سارا نقصان وسط اگست سے ہونا شروع ہوا جب ریاست کی تاریخ میں چھ میں سے پانچ جگہ پر تیز ترین آگ بھڑک اٹھی۔ چند مقامات پر آسمانی بجلی گرنے سے آتش زدگی میں سب سے زیادہ شدت آئی۔

آگ کی وجہ سے اب تک 31 افراد ہلاک جب کہ سیکڑوں مکانات جل کر راکھ ہو چکے ہیں۔ آگ پھیلنے کی ایک بڑی وجہ ریاست کے شمالی علاقوں میں پہاڑوں پر گرے مردہ درخت بھی ہیں جنہوں نے ایندھن کا کام کیا۔ آگ سے اٹھنے والے دھوئیں نے پوری فضا کو آلودہ کیا ہوا ہے جس سے بہت سی آبادی اور بڑے شہر متاثر ہوئے ہیں۔

متعدد تحقیقات میں امریکہ کے جنگلات میں لگنے والی آگ کو ماحولیاتی تبدیلی سے جوڑا جاتا ہے۔ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی سے ریاست کیلی فورنیا خشک ہوتی جا رہی ہے جس کا نتیجہ یہ ہے کہ درخت جلد آگ پکڑ لیتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG