قطر میں جہاں ایک طرف فیفا ورلڈکپ کے مقابلے جاری ہیں وہیں دوسری طرف دارالحکومت قطر سے لگ بھگ 15 میل دور اونٹوں کے مقابلۂ حسن کا بھی جمعے کو انعقاد کیا گیا۔ جس کا مقصد ورلڈ کپ دیکھنے کے لیے آئے ہوئے شائقین کو قطر کی ثقافت سے روشناس کرانا تھا۔ اونٹوں کے مقابلۂ حسن کا انعقاد وزارت برائے کھیل اور امور نوجوانان نے ورلڈکپ کی منتظم کمیٹی کے ساتھ کیا۔ اس قسم کی تقاریب خلیجی ممالک میں باقاعدگی سے منعقد کی جاتی ہیں، جہاں کے لوگ نسلوں سے اونٹوں کے ساتھ منسلک ہیں۔ اس تقریب میں آنے والے شائقین کی دودھ سے بنی چائے سے تواضح کی گئی جب کہ اونٹوں کے مالکان اور خاندان کے افراد کے لیے ایئر کنڈیشنڈ شیشے کی دیواروں والے خیمے بھی تیار کیے گئے تھے۔