رسائی کے لنکس

کینیڈا کا اپنی کرنسی پر خاتون کی تصویر چھاپنے کا فیصلہ


وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے نئے ڈیزائن کی کرنسی کے اجرا کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا 2018ء تک ملک کی نمائندہ کسی خاتون کی تصویر کے ساتھ نوٹ چھاپے گا۔

کینیڈا جلد ہی اپنی کرنسی پر ایک نامور کینیڈین خاتون کی تصویر چھاپے گا۔ اس بات کا اعلان کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نےخواتین کے عالمی دن کے موقع پر کیا ہے۔

وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے نئے ڈیزائن کی کرنسی کے اجرا کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا 2018ء تک ملک کی نمائندہ کسی خاتون کی تصویر کے ساتھ نوٹ چھاپے گا۔

سی بی سی نیوز کے مطابق اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ بینک آف کینیڈا کی طرف سے جاری کیے جانے والے نوٹوں کی اگلی سیریز میں ایک نامور خاتون کی تصویر کو شامل کرنے کے لیے عوامی مشاورت کا آغاز کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بنکوں نے نئے نوٹ کے لیے ملک کی اہم خاتون کو نامزد کرنے کے لیے ایک آن لائن مہم کا آغاز کیا ہے جبکہ لوگوں کو سوشل میڈیا پر 'ہیش ٹیگ بنک نوٹ ایبل' کا استعمال کرتے ہوئے اپنی ترجیحات بھیجنے کے لیے کہا گیا ہے۔

نامزدگیوں کےحوالے سے کچھ شرائط مقرر کی گئی ہیں۔ مثلاً خاتون کا پیدائش یا قومیت کے اعتبار سے کینیڈین ہونا ضروری ہے اور انہوں نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کا کا مظاہرہ کرتے ہوئے کینڈین عوام اور ملک کی خدمت کی ہو ۔

نامزد خواتین کا حقیقی ہونا ضروری ہے (یعنی وہ افسانوی کردار نہ ہوں) اور ان کا انتقال 15 اپریل 1991 سے پہلے ہوا ہو۔

وزیرِاعظم نے یہ واضح نہیں کیا ہے کہ کتنی مالیت کے نوٹ پر خاتون کی تصویر کو چھاپی جائے گی۔

فی الحال کینیڈا کے 20 ڈالر کے نوٹ پر ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی تصویر ہے جو آئینی طور پر مملکت کی سربراہ ہیں۔ لیکن وہ قومیت کے اعتبار سے کینڈین نہیں ہیں۔

اس سے قبل ماضی میں 50 ڈالر کے نوٹوں کی ایک سیریز پر حقوق نسواں کی علمبردار پانچ اہم کینیڈین خواتین کی تصاویر شائع کی گئی تھیں لیکن 2014ء میں اس تصویر کو آرکٹک جانے والی تحقیقی ٹیم کی تصویر کے ساتھ تبدیل کر دیا گیا تھا۔

اگرچہ کینیڈین بینکوں کو مجوزہ خواتین کے نام بڑی تعداد میں موصول ہوئے ہیں لیکن نئی ممکنہ امیدواروں میں 'لورا سیکورڈ' کا نام سرِ فہرست ہے جنھیں 1812ء کی جنگ کی ہیرو سمجھا جاتا ہے۔ ان کے علاوہ 1900ء میں عورتوں کے حقوق کی جنگ لڑنے وال نیلی میک کلنگ کا نام بھی نمایاں ہے۔

بتایا گیا ہے کہ نامزدگی کی مدت ختم ہونے کے بعد ماہرین تعلیم اور ثقافتی رہنماؤں پر مشتمل ایک آزاد مشاورتی کونسل تجاویز کا جائزہ لے گی اور غور کرنے کے لیے ایک مختصر فہرست مرتب کرے گی۔

دریں اثنا امریکہ بھی دس ڈالر کے نوٹ پر کسی مشہور خاتون کی تصویر چھاپنے کے منصوبے پر کام کر رہا ہے۔

یہ نئی تصویر امریکہ کے پہلے وزیر خارجہ الیگزینڈر ہملٹن کی جگہ لے گی۔ مجوزہ نئے نوٹ کو عورتوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق آئینی ترمیم کی توثیق کے 100 برس مکمل ہونے کے موقع پر 2020ء میں جاری کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG