رسائی کے لنکس

کان فلم فیسٹیول روایت سے ہٹ کر 'ورچوئل' ہوگا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

فرانس کے شہر 'کان' کے نام سے منسوب دنیا کے چند بڑے فلم فیسٹیول میں شمار ہونے والا 'کان فلمی میلہ' اس سال روایت سے ہٹ کر ہوگا۔

اس بار یہ 'فزیکل' کے بجائے 'ورچوئل' ہوگا یعنی باقاعدہ طور پر اس کا انعقاد نہیں ہوگا بلکہ تھیٹرز میں دوسری فلموں کی نمائش کے ساتھ ساتھ ہی اس فیسٹیول کے لیے مختلف کٹیگریز میں منتخب شدہ فلموں کو 'کان-2020' کے عنوان کے تحت دیکھا جا سکے گا۔

صرف یہی نہیں بلکہ فلم فیسٹیول کے لیے فلموں کا انتخاب جون کے اوائل میں ہوگا۔ شیڈول کے مطابق فلموں کا انتخاب مئی میں ہونا تھا مگر کرونا وائرس کے سبب اسے کچھ عرصے کے ملتوی کر دیا گیا تھا۔

فیسٹیول کے ترجمان نے کہا کہ ورچوئل شکل میں اسے پہلی بار منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس کے لیے بہت سا وقت اور محنت درکار ہے مگر اس کی کامیابی کے لیے سب کچھ کیا جائے گا۔ یہی وجہ ہے کہ فیسٹیول کے لیے فلموں کا انتخاب بھی جون میں ہو رہا ہے۔

اس فلمی میلے کے ڈائریکٹر تھیری فریموکس فیسٹیول کو تھیٹرز میں منعقد کرنے کے حامی ہیں مگر کرونا وائرس کے پھیلاؤ اور احتیاطی تدابیر کے پیش نظر اس بار ایسا ممکن نہیں۔

فریموکس کے مطابق اس بار کے فیسٹیول میں تمام فلمیں شامل نہیں ہوں گی بلکہ صرف ان فلموں کو فیسٹیول کا حصہ بنایا جائے گا جو پہلے سے روسٹر کا حصہ تھیں اور جو موسم بہار کے دوران سنیما گھروں میں ریلیز ہونے جا رہی ہیں۔ ان فلموں کو ہی 'کان-2020' کے تحت دیکھا جاسکے گا۔

اس بار جن تھیٹرز میں دوسری فلموں کے ساتھ 'کان فلم فیسٹیول' کے لیے منتخب فلموں کی نمائش ہوسکے گی ان میں ٹورنٹو، ڈیوویل، اینگولیم، نیو یارک، بوسٹن اور فریموکس کا اپنا تھیٹر لیومیئر سمیت دیگر شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG