رسائی کے لنکس

دنیا کا سب سے بڑا فلمی میلہ مئی میں ہو گا


کرونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر کے سینما گھر بند پڑے ہیں اور فلمی میلے منسوخ کرنے پڑ رہے ہیں۔ اس صورت حال میں دنیا بھر کے 20 سے زیادہ فیسٹولز کے منتظمین نے مل کر یوٹیوب پر فلمی میلہ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یوٹیوب اور ٹرائیبیکا انٹرپرائز کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ 29 مئی کو شروع ہونے والے عالمی فلمی میلے کا نام وی آر ون یعنی ہم ایک ہے تجویز کیا گیا ہے۔ یہ میلہ 10 روز جاری رہے گا اور اس دوران فیچر فلمیں، دستاویزی فلمیں، موسیقی، مزاح اور گفتگو کے پروگرام پیش کیے جائیں گے۔

جن فلمی میلوں کے منتظمین اس کاوش کا حصہ ہیں، ان میں ٹرائیبیکا، کانز اور سن ڈانس فلم فیسٹول کے علاوہ ٹورنٹو، وینس، لندن، یروشلم، ممبئی، سرائیوو، سڈنی، ٹوکیو اور مراکش شامل ہیں۔

ابھی اس میلے کا شیڈول جاری نہیں کیا گیا۔ عام طور پر فلمی میلوں میں نئی فلمیں پیش کی جاتی ہیں، لیکن امکان ہے کہ یوٹیوب پر اس میلے میں ایسا نہیں کیا جائے گا۔

کرونا وائرس کی وجہ سے مئی میں ہونے والے کانز فلم فیسٹول کو منسوخ کرنے کا اعلان گزشتہ ماہ کیا گیا تھا جب کہ ستمبر میں وینس اور ٹورنٹو کے فلمی میلوں کا انعقاد بھی خطرے میں پڑا ہوا ہے۔ کانز فیسٹول کے منتظمین کا کہنا ہے کہ وہ اس عالمی میلے میں شریک ہونے پر فخر محسوس کر رہے ہیں۔

نیویارک میں ٹرائیبیکا فلم فیسٹول بھی نہیں ہو سکا جس کے بعد اس کے منتظمین نے یوٹیوب فیسٹول کا خیال پیش کیا۔ اس میلے کے بانیوں میں رابرٹ ڈی نیرو بھی شامل ہیں۔

انتظامیہ میں ان کی ساتھی جین روزنتھل نے ایک بیان میں کہا کہ انھیں امید ہے کہ یہ میلہ منتظمین، فن کاروں اور کہانی کہنے والوں کو اکٹھا کرے گا تاکہ وہ دنیا بھر کے فلمی شائقین کو محظوظ اور موجودہ حالات میں ریلیف فراہم کریں۔

انھوں نے کہا کہ ہم اکثر ذکر کرتے ہیں کہ فلمیں سرحدوں اور اختلافات سے ماورا ہوکر لوگوں کو متاثر اور متحد کرنے کی طاقت رکھتی ہیں تاکہ دنیا کو شفا مل سکے۔ پوری دنیا کو اس وقت شفا کی ضرورت ہے۔

اگرچہ اس ایونٹ میں فلمیں مفت پیش کی جائیں گی لیکن دیکھنے والوں سے درخواست کی جائے گی کہ وہ عالمی ادارہ صحت کے کرونا وائرس فنڈ میں عطیہ دیں۔

XS
SM
MD
LG