صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں اتوار کی شام گئے ٹائر کی ایک دوکان پر کار بم دھماکہ ہوا، جس واقع میں کم از کم تین افراد ہلاک اور چار زخمی ہوئے۔ یہ بات عینی شاہدین اور حکام نے بتائی ہے۔
'وائس آف امریکہ' کے ایک نمائندے کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک ڈرائیور، اور الشباب کا مشتبہ خود کش حملہ آور شامل ہے۔
موغادیشو کے 'دلسان ریڈیو اسٹیشن' میں کام کرنے والے ایک صحافی نے دھماکے کے مقام کے قریب سے بتایا ہے کہ اُنھوں نے ایک بڑے دھماکے کی آواز سنی، پھر دھواں اٹھا اور شعلے بھڑک اٹھے۔
اُن کے الفاظ میں ''میں نے ایک زوردار دھماکے کی آواز سنی، جس کے بعد دھواں اٹھا اور پھر ہوا میں اونچے سیاہ شعلوں کے بادل بھڑک اٹھے، اور ابھی تک سارے علاقے میں شعلے دکھائی دے رہے ہیں''۔