رسائی کے لنکس

کیتھے پیسیفک کا پاکستان میں فضائی آپریشن معطل کرنے کا فیصلہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

منگل کو ہانگ کانگ میں کیتھے پیسیفک کی ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ ہانگ کانگ سے کراچی کے لیے آخری پرواز 28 جون کو جائے گی۔

ہانگ کانگ کی فضائی کمپنی "کیتھے پیسیفک" نے پاکستان میں اپنی فضائی سروس غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

کمپنی کے عہدیداروں کے مطابق یہ فیصلہ آٹھ جون کو کراچی کے ہوائی اڈے پر ہونے والے ہلاکت خیز دہشت گردانہ حملے کے تناظر میں کیا گیا۔

کیتھے پیسیفک کے پاکستان میں سیلز مینیجر سہیل یونس کا کہنا تھا کہ فضائی سروس بند کرنے کا فیصلہ سلامتی اور اقتصادی وجوہات کی بنا پر کیا گیا۔

کالعدم تحریک طالبان نے ایک روز قبل ہی غیر ملکی کاروباری اداروں اور فضائی کمپنیوں کو پاکستان میں اپنا کاروبار بند کرنے کی تنبیہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ بصورت دیگر ان پر حملے کیے جائیں گے۔

پاکستانی فوج نے اتوار کو شدت پسندوں کے گڑھ شمالی وزیرستان میں بھرپور فوجی کارروائی شروع کی تھی جس میں اب تک غیر ملکی جنگجوؤں سمیت درجنوں شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

منگل کو ہانگ کانگ میں کیتھے پیسیفک کی ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ ہانگ کانگ سے کراچی کے لیے آخری پرواز 28 جون کو جائے گی۔

ایک بیان میں کیتھے پیسیفک کا کہنا تھا کہ کمپنی اپنی سرگرمیاں بند کرنے سے پہلے کراچی جانے اور وہاں سے آنے والی اپنی مزید 14 پروازوں کا انتظام کرے گی۔

"اس کا مقصد ان سینکڑوں مسافروں کو مشکلات سے بچانا ہے جو ماہ رمضان سے پہلے سفر کرنے والے ہیں۔"

بیان کے مطابق کراچی سے کیتھی پیسیفک کی آخری پرواز 29 جون کو چلے گی۔

ہانگ کانگ کی یہ کمپنی کراچی سے دنیا کے مختلف ممالک کے لیے ہفتہ وار چار پروازیں چلا رہی تھی۔

سہیل یونس کا کہنا تھا کہ کمپنی پاکستان میں مستقبل کے لیے اپنی سرگرمیاں شروع کرنے سے متعلق صورتحال کا جائزہ لیتی رہے گی۔
XS
SM
MD
LG