رسائی کے لنکس

زمیں کھا گئی آسماں کیسے کیسے


اس سال بھی بہت سے فنکار شہرت کے افق سے ٹوٹے اور تہہ باخاک ہوگئے۔ یہ وہ فکار تھے جنھوں نے شو بزنس کے آسمان کو اپنے لازوال فن سے نئی چمک دمک عطا کی

سال 2012 ءاپنے دامن میں جہاں بہت سی خوش گوار یادیں سمیٹ کر رخصت ہو رہا ہے وہیں کچھ دکھ بھی اپنے پیچھے چھوڑے جارہا ہے۔ اس سال بھی بہت سے فنکار شہرت کے افق سے ٹوٹے اور تہہ با خاک ہوگئے۔ یہ وہ فکار تھے جنھوں نے شوبزنس کے آسمان کو اپنے لازوال فن سے نئی چمک دمک عطا کی لیکن زمین کی بھوک نے انہیں بھی نہیں چھوڑا اور باری باری یہ ستارے، یہ فنکار زیرزمیں ہوتے چلے گئے۔

راجیش کھنہ: ہندی فلموں کے پہلے سپر اسٹار
اپنے منفرد اسٹائل، ایکٹنگ اور چارمنگ شخصیت کے عوض2 دھائیوں تک فلم بینوں کے دلوں پر راج کرنے والےبالی وڈ کے پہلے سپراسٹار راجیش کھنہ 18جولائی کو اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔ ستر سالہ راجیش کھنہ کو پوری فلم انڈسٹری اور لاکھوں پرستاروں نے شایان شان طریقے سے 19جولائی کو بھیگی آنکھوں سے ہمیشہ کے لئے سپرد آتش کیا۔

دارا سنگھ : ’اوریجنل‘ ایکشن ہیرو
ہندی سینما کے ’اوریجنل‘ ایکشن ہیرو دارا سنگھ 12جولائی کو دنیا چھوڑ گئے۔ دارا سنگھ کا سب سے مقبول اور یادگا ر کردار ٹی وی سیریز ’رامائن‘ میں ادا کیا جانے والا ہنومان کا رول تھا۔ انہوں نے درجنوں فلموں میں بھی کام کیا اور اپنے فن کا لوہا منوایا۔

جوائے مکھرجی: رومینٹک ہیرو
ماضی کے مشہور رومینٹک ہیرو جوائے مکھرجی مارچ کی 9تاریخ کو انتقال کر گئے۔ ان کی یادگار فلموں میں ”لو ان ٹوکیو“،” شاگرد“،”ایک بار مسکرادو“ اور” پھر وہی دل لایا ہوں“ شامل ہیں۔موجودہ دور کی نامور اداکارہ کاجول، جوائے مکھرجی کی بھانجی ہیں۔

اچلا سچ دیوا یا زہرہ جبیں۔۔
سینیئر اداکارہ آچلا سچ دیوکو لوگ ان کے اصل نام سے کم اور ’زہرہ جبیں‘کے نام سے زیادہ جانتے تھے جس کی وجہ تھی فلم ”وقت“ میں ان پر پکچرائز ہوانے والا مشہور گانا ’اے میر ی زہرہ جبیں‘ ۔ اچلا سچ دیونے 30اپریل کو دنیا سے منہ موڑا۔

پنڈت روی شنکر: بے مثال ستارنواز
لی جینڈری ستارنوازاور میوزک کمپوزرپنڈت روی شنکر 92 سال کی عمر میں 11دسمبر کو امریکا کے شہر سان ڈیاگو کے اسپتال میں چل بسے۔ متعدد’ گریمی‘ ،’ بھارت رتن‘ اور بے شمار دیگر ایوارڈز جیتے والے پنڈت روی شنکر نے مغرب کے موسیقاروں کے ساتھ مشرقی موسیقی کے امتزاج سے لازوال دھنیں تخلیق کیں اور ستار نوازی کو ایک نیا روپ دیا۔

جسپال بھٹی: منفرد کامیڈین
کامیڈین جسپال بھٹی اکتوبر کی 25تاریخ کو روڈ ایکسیڈنٹ میں انتقال کر گئے۔ جسپال اپنے مخصوص ہلکے پھلکے اسٹائل میں معاشرے کی کمزوریوں اور مسئلوں کو اجاگر کرتے تھے اور کامیڈی کے منفرد انداز کی وجہ سے بہت پسند کئے جاتے تھے۔

یش چوپڑہ: کنگ آف رومینس
بالی وڈ کے ’کنگ آف رومینس‘ یش چوپڑہ 21اکتوبر کو ممبئی میں چل بسے۔ یش چوپڑہ نے بالی وڈ کو لازوال رومینٹک اور ایک سے بڑھ کر ایک کامیاب فلمیں دیں جن میں ”کبھی کبھی“،” سلسلہ“،” چاندنی“ ،” ترشول“اور ” دیوار“ شامل ہیں۔یش چوپڑہ کی بطور ڈائریکٹر ’جب تک ہے جاں‘ آخری فلم تھی۔

اے کے ہنگل: ناقابل فراموش اداکار
کیریکٹر ایکٹر اے کے ہنگل نے اگست کی 27تاریخ کواس دنیا فانی سے کوچ کیا ۔ ستانوے سالہ اے کے ہنگل نے ”شعلے“،” دیوار“اور” لگان“ سمیت بہت سی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ۔

بے شک یہ فنکار اب اس دنیا میں نہیں لیکن ان کا فن رہتی دنیا تک ان کی یاد لاتا رہے گا کیوں کہ فنکار مرجاتا ہے ، فن ہمیشہ زندہ رہتا ہے۔
XS
SM
MD
LG