رسائی کے لنکس

موبائل فون کریڈٹ کارڈ کی جگہ لے رہا ہے


اس نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے اب آپ کو کارڈ ریڈر میں اپنا کارڈ ڈالنے کی بجائے اس پر صرف اپنا موبائل فونز لہرانا ہوتا ہے۔ کارڈ ریڈر آپ کی خریداری کی تفصیلات اور رسید آپ کے فون کو بھیج دیتا ہے

کریڈٹ کارڈ کی آمد کے بعد اکثر لوگوں نے اپنے ساتھ زیادہ تر نقدی رکھنا چھوڑ دی ہے جیسا کہ وہ ماضی میں کیا کرتے تھے۔

کریڈٹ کارڈ کی ، جسے پلاسٹک منی بھی کہاجاتا ہے کئی اقسام ہیں جن میں کریڈٹ کارڈ، ڈیبٹ کارڈ ، مختلف اسٹوروں کے جاری کردہ کارڈ اور ٹرانسپورٹ کے لیے استعمال کیے جانے والے سمارٹ کارڈ شامل ہیں۔

پلاسٹک کے ان اکثر کارڈوں کی خوبی یہ ہے کہ آپ اکثر مقامات پر انہیں استعمال کرسکتے ہیں اور آپ کو نقد رقم کی ضرورت نہیں پڑتی۔

لیکن اب ٹیکنالوجی کی کمپنیوں کا کہناہے کہ وہ دن اب زیادہ دور نہیں جب’ پلاسٹک کے کارڈ‘ عجائب گھروں کی زینت بن جائیں گے ۔ اور ان کی بجائے استعمال ہونے لگیں گے موبائل فونز۔
نئی نسل بصورت خاص موبائل فونز کے زیادہ سے زیادہ استعمال پسند کرتی ہے اوراس کے ذریعے رقوم کی ادائیگی نہایت آسان ہے ۔ کیونکہ کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کی طرح نہ تو کارڈ کو مشین سے گذارنا پڑتا ہے، نہ ہی اسٹور کلرک کو کارڈ دکھانا پڑتا ہے ، نہ ہی کمپنی کی جانب سے کارڈ کی منظوری کا انتظار کرنا پڑتا ہے اور پھر نہ ہی رسید پر دستخطوں کی ضرورت پڑتی ہے۔ موبائل فونز نے یہ کام بہت آسان کردیا ہے۔

اب گوگل جیسی کئی کمپنیوں نے ایک نئی ٹیکنالوجی ایجاد کی ہے جس کے بعد اب صارف کو کارڈ ریڈر میں اپنا کارڈ ڈالنے کی بجائے اس پر صرف اپنا موبائل فونز لہرانا ہوتا ہے۔کارڈ ریڈر فوری طور پر آپ کی خریدی ہوئی چیز، اور آپ کے اکاؤنٹ کی تمام تفصیلات حاصل کرکے خرید کی تصدیق کرتا ہے اور اس کی رسید آپ کے فون کو بھیج دیتا ہے۔

یہ ٹیکنالوجی آپ کو خصوصی رعائتی قیمتوں کے بارے میں بھی آگاہ کرتی ہے۔

اس ٹیکنالوجی میں آپ کو یہ سہولت بھی حاصل ہے کہ آپ اسٹور میں اپنی پسند کی کوئی چیز دیکھتے ہیں اور اس کا کوڈ بارکو اپنے موبائل فون پر خرید کے کالم میں ڈال لیتے ہیں توکاؤنٹر پر آپ کی خریدی ہوئی چیز آپ کی منتظر ہوگی اور اس کی ادائیگی کا سارا عمل مکمل ہوچکاہوگا اور رسید آپ کے فون کو وصول ہوچکی ہوگی۔
XS
SM
MD
LG