رسائی کے لنکس

بھارت 2021 اور آسٹریلیا 2022 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا


دنیا بھر میں پھیلی کرونا وبا کے باعث رواں سال ملتوی ہونے والا ٹی 20 ورلڈ کپ اب 2022 میں آسٹریلیا میں ہو گا جب کہ آئندہ سال بھارت میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اپنے مقررہ وقت پر منعقد ہو گا۔

عالمی کپ رواں سال اکتوبر، نومبر میں آسٹریلیا میں منعقد ہونا تھا تاہم کرونا کی صورتِ حال کے پیش نظر اسے ملتوی کردیا گیا تھا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جمعے کو اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ بھارت طے شدہ پروگرام کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کی میزبانی کرے گا جب کہ نیوزی لینڈ میں آئندہ سال شیڈول ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ اب 2022 میں کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی کے قائم مقام چیئرمین عمران خواجہ کا کہنا ہے کہ پچھلے کئی ماہ سے ہم اس کوشش میں تھے کہ عالمی ایونٹس معمول کے مطابق منعقد کراسکیں۔

لیکن اس کے باوجود ہماری ترجیح ان ایونٹس سے وابستہ ہر فرد کی صحت اور اس کا تحفظ تھی۔ یہی وجہ ہے کہ ہمیں طے شدہ پروگرام میں تبدیلی کرنا پڑی۔

ادھر آئی سی سی چیف ایگزیکٹو مانو سواہنے کا کہنا ہے کہ اب آئی سی سی ایونٹ کا مستقبل واضح ہے۔ نئے شیڈول کے تحت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 بھارت میں ہوگا اور 2022 کے ایڈیشن کا میزبان آسٹریلیا ہو گا۔

آئی سی سی کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کا فارمیٹ وہی رہے گا جو 2020 کے لیے طے کیا گیا تھا اور وہ تمام ٹیمیں جنہوں نے اس ایونٹ کے لیے کوالیفائی کیا تھا وہ 2021 میں ہونے والے ایونٹ میں شرکت کریں گی۔

ملتوی ہونے والے ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کا فارمیٹ بھی وہی ہوگا جو 2021 کے لیے تھا۔ ایونٹ کے لیے پانچ ٹیمیں پہلے ہی کوالیفائی کرچکی ہیں جو 2022 کے عالمی کپ کے لیے ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔

ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے باقی تین ٹیموں کا تعین کرنے کی غرض سے کوالیفائنگ راؤنڈ جولائی 2020 میں شیڈول تھا جو اب 2021 میں ہو گا۔

دوسری جانب بھارت میں کرونا کی صورتِ حال کے باعث ستمبر اور اکتوبر میں محدود اوورز کی سیریز کے لیے انگلینڈ کا دورہ بھارت بھی ملتوی کردیا گیا ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ سیریز ملتوی کرنے کا فیصلہ انگلش اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG