رسائی کے لنکس

چین میں پرتعیش مصنوعات کی تشہیر پر پابندی


چین میں بدعنوانی کے خلاف ہونے والے ایک مظاہرے کا منظر
چین میں بدعنوانی کے خلاف ہونے والے ایک مظاہرے کا منظر

چین میں سرکاری حکام کی کرپشن اور بدعنوانی سنگین صورت اختیار کرچکی ہے

چین میں حکومت نے سرکاری عہدیداران کی بدعنوانی پر قابو پانے کی غرض سے ریڈیو اور ٹی وی پر نشر کیے جانے والے ایسے اشتہارات پر پابندی عائد کردی ہے جن میں مہنگی اشیا تحفےممیں دینے کی ترغیب دی جارہی ہو۔

چین کے سرکاری اخبار 'چائنا ڈیلی' میں بدھ کو شائع ہونے والی ایک خبر کے مطابق ریڈیو، فلم اور ٹیلی ویژن کے منتظم سرکاری ادارے 'ایس اے آر ایف ٹی' کی جانب سے جاری ایک سرکلر میں کہا گیا ہے کہ مہنگی پر تعیش مصنوعات، مثلاً گھڑیاں اور سونے کے سکوں وغیرہ کی تشہیر کے نتیجے میں منفی سماجی رجحانات پروان چڑھ رہے ہیں۔

خیال رہے کہ 'ایس اے آر ایف ٹی' نشریاتی ذرائع ابلاغ کو سینسر کرنے کا مجاز ہے ۔ اس ادارے کو چین کی حکمران جماعت 'کمیونسٹ پارٹی' نے اقتدار میں آنے کے بعد قائم کیا تھا تاکہ ثقافتی معاملات کو پارٹی کے سیاسی اور نظریاتی مقاصد سے ہم آہنگ رکھا جاسکے۔

چین میں سرکاری حکام کی کرپشن اور بدعنوانی سنگین صورت اختیار کرچکی ہے اور 'کمیونسٹ پارٹی' کے عہدیداران اسے برسرِ عام اپنی زندگی اور موت کا مسئلہ قرار دیتے آئے ہیں۔

گزشتہ سال نومبر میں ہونے والی پارٹی کانگریس کے موقع پر بھی اپنے خطاب میں سبکدوش ہونے والے صدر ہوجن تائو نے چینی حکام کے درمیان پھیلتی ہوئی بدعنوانی کی وبا کے نتائج سے حکام کو خبردار کیا تھا۔

گزشتہ سال دسمبر میں چینی حکومت نے ایسی ضیافتوں اور عشائیوں میں اعلیٰ سطحی فوجی عہدیداران کی شرکت پر پابندی عائد کردی تھی جہاں شراب نوشی متوقع ہو۔

حکومت نے حکام کے لیے آویزاں کیے جانے والے خیر مقدمی بینروں، سرخ قالینوں، پھولوں کی آرائش، ثقافتی تقریبات اور علامتی تحائف کی مالیت پر بھی قدغن عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

'کمیونسٹ پارٹی' کے عہدیداران نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد انسدادِ بدعنوانی کی ایک بڑی مہم کا آغاز کریں گے جس میں اوپر سے لے کر نچلی سطح تک کے سرکاری ملازمین کے بدعنوانی میں ملوث ہونے کا جائزہ لینے کے علاوہ اس کے تدارک کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
XS
SM
MD
LG