چین میں سخت پابندی کے باوجود ملک کے مخلتف حصوں میں لوگ سماجی روابط کی سائیٹ ’فیس بک‘ تک رسائی حاصل کر پا رہے ہیں۔
بیجنگ میں وائس آف امریکہ کے بیورو میں منگل کی صبح فیس بک کی سائیٹ ’’ایچ ٹی ٹی پی ایس‘‘ کے سابقے کے ساتھ کھل رہی تھی۔ یہ سابقہ محفوظ کنکشن کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
انٹرنیٹ استعمال کرنے والے متعدد افراد نے سماجی رابطوں کی ایک اور سائیٹ ’ٹوئٹر‘ پر یہ پیغام تحریر کیا ہے کہ وہ بھی اسی طریقے سے سائیٹ تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
تاہم فیس بک ملک کے دیگر حصوں میں نہیں چل پا رہی اور چونگنگ اور ننژیا میں یہ معمول کی پابندی کا شکار ہے۔
چین دنیا میں انٹرنیٹ کے صارفین کی سب سے زیادہ تعداد کا حامل ہے۔ لیکن تقریباً 50 کروڑ انٹرنیٹ کے صارفین کو آن لائن سخت سنسرشپ کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور یہ نگرانی ’’گریٹ فائر وال آف چائنا‘‘ سسٹم کے تحت کی جاتی ہے۔