رسائی کے لنکس

ماحول دوست توانائی کے حصول میں مدد دینا چاہتے ہیں: چین


ماحول دوست توانائی کے حصول میں مدد دینا چاہتے ہیں: چین
ماحول دوست توانائی کے حصول میں مدد دینا چاہتے ہیں: چین

چین نے کہاہے کہ وہ گرین انرجی کی اپنی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ماحول دوست توانائی کے حصول میں افریقی ممالک کی مدد کرنا چاہتا ہے۔

پیر کے روز نیروبی میں اقوام متحدہ کے ماحولیات سے متعلق ادارے کے تحت ہونے والے ایک فورم میں چین کے وزیر ژہو شنگ نے کہا کہ چین ماحول دوست توانائی کی ٹیکنالوجی کی منتقلی ، اس کی تنصیب اور سرمائے کی فراہمی میں ترقی پذیر ممالک کی مدد کے لیے تیار ہے۔

یوان ای پی کے ڈائریکٹر ایکم سٹینر نے اس پر اپنے خیر مقدمی کلمات میں کہا کہ اس پیش کش کے ذریعے چین نے کرہ ارض کے ماحول کو بہتر بنانے کی کوششوں کے سلسلے میں تعاون کی ایک نئی بنیاد رکھ دی ہے۔

ماحولیات سے متعلق عالمی ادارے نے حال ہی میں ایک نیا مطالعاتی جائزہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیاہے کہ چین دنیا بھر میں ماحول دوست توانائی کے شعبے میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری کررہاہے۔

ادارے کا کہناہے کہ چین نے 2010ء میں شفاف توانائی کے شعبے میں 50 ارب ڈالر کے لگ بھگ سرمایہ کاری کی جس کی وجہ سے دنیا بھر میں ماحول دوست توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری میں 32 فی صد تک کا اضافہ ہوا۔

ژہو نے کہا کہ ماحول کا تحفظ چین کے نئے پانچ سالہ منصوبے کا ایک اہم حصہ ہے۔ ان کا یہ بھی کہناتھا کہ کہ ان کے ملک کو یہ احساس ہےکہ آلودگی سے نمٹنے کے پروگراموں کر ترجیح نہ دینے کے نتائج سب کو بھگتنے پڑ سکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG