چین میں ایک جمہوریت پسند کارکن کی اہلیہ نے بتایا ہے کہ اُس کے شوہر کو حکومت مخالف جذبات بڑھکانے اور لوگوں کو اُکسانے کے الزامات پر 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
لیو ژینابن (Liu Xinabin ) کو جمعہ کو جنوب مغربی صوبے سیچوان کی ایک عدالت نے جرم ثابت ہونے پر یہ سزا سنائی۔ اُن کی اہلیہ چن مینگ ژیان نے بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے کہا کہ اُن کے شوہر کو جمہوریت کے حق میں انٹرنیٹ پر کئی مضامین لکھنے کی وجہ سے یہ سزا سنائی گئی اور کہا گیا کہ اُنھوں نے ایسا کر کے حکومت کے خلاف لوگوں کو اُکسانے کی کوشش کی۔
چین میں اس طرح کے الزامات پر عموماً پانچ سال کی سزا دی جاتی ہے۔
لیو سیاسی جماعت ”چائنہ ڈیموکریسی پارٹی“ کے بانی رکن ہیں۔ لیو کو سیاسی سرگرمیوں کے باعث 1999ء میں 13 سال کی سزا سنائی گئی تھی لیکن اُنھیں 2008ء میں رہا کر دیا گیا تھا۔