چین نے اپنے سب سے طاقت ور غیر جوہری ہتھیار’ تمام بموں کی ماں ‘کا تجربہ کیا ہے۔
انتہائی طاقت ور اور تباہ کن غیر جوہری بم کے تجربے کا اعلان چین کے سرکاری میڈیا میں کیا گیا۔
اس سے قبل امریکہ نے بھی افغانستان میں ایک انتہائی طاقت ور غیر جوہری بم گرایا تھا جسے’ تمام بموں کی ماں ‘کا نام دیا گیا تھا۔
چین کے ہتھیار تیار کرنے والے سرکاری ادارے’ نورینکو‘ کی ویب سائٹ پر ایک مختصر دورانیے کی ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے جس میں ایک بہت بڑے بم کو گراتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو کے اگلے حصے میں آگ کا ایک بہت بڑا گولہ اور سیاہ دھواں بلند ہو رہا ہے۔
چین کے سرکاری خبررساں ادارے شنہوا نے بدھ کے روز سوشل میڈیا نیٹ ورک پر بتایا کہ یہ بم، ’ تمام بموں کی ماں‘کا چینی ورژن ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس بم کی طاقت، جوہری بم کے بعد سب سے زیادہ ہے۔ اسے چین کے ایچ 6 - کے بمبار طیارے کے ذریعے گرایا گیا تھا۔
تاہم طاقت ور بم کے تجربے کی تاریخ، مقام اور دھماکے کے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
سن 2017 میں امریکہ نے مشرقی افغانستان میں داعش کا نیٹ ورک تباہ کرنے کے لیے اپنا سب سے طاقت ور روایتی بم گرایا تھا جسے ’ تمام بموں کی ماں‘ کا نام دیا گیا تھا۔
اس وقت صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ انہیں اپنے فوجیوں پر فخر ہے اور انہوں نے کامیابی سے بم گرائے جانے پر مبارک باد دی تھی۔
چینی بم کے متعلق بتایا جا رہا ہے کہ اس کی لمبائی 16 سے 20 فٹ کے درمیان ہے لیکن اس کا وزن، امریکہ کے اسی نوعیت کے بم سے کم ہے۔