امریکہ کے نائب صدر جوبائیڈن نے اپنے چین کے دورے کے دوران دو روز تک بیجنگ میں اعلیٰ چینی عہدے داروں سے مذاکرات کے بعد ہفتے کو ملک کے جنوب مغربی شہر چنگ دو پہنچے۔
چین کے صنعتی صوبے سچوان کے دورے کے موقع پر ان کی پوتی اور چین کے لیے امریکی سفیر گیری لاک بھی ہمراہ تھے۔
امریکی نائب صدر طے شدہ پروگرام کے مطابق سچوان یونیورسٹی میں طالب علموں سے خطاب کریں گے اور اس علاقے کے دورے پر جائیں گےجہاں 2008ء کے تباہ زلزلے سے ایک اندازے کے مطابق 87 ہزار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
مسٹر بائیڈن نے اس سال کے شروع میں چین کے صدر ہو جن تاؤ کے واشنگٹن کے دورے کے موقع پر ملاقات کی تھی۔
جمعے کے روز چین اور امریکہ نے دوطرفہ تعاون سے وابستگی کے اپنے عہد کااعادہ کیا اورچین نے امریکی معیشت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسے توقع ہے کہ امریکی معیشت جلد بحال ہوجائے گی۔
چین کے نائب صدر ژی جن پنگ نے مسٹر بائیڈن اور امریکی تاجروں کے ایک وفد کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ امریکی معیشت میں بہت لچک ہے اور اس کے اندر اپنی اصلاح کی بہت زیادہ قوت موجود ہے۔
چین نے امریکہ ک تقریباً دس کھرب ڈالر قرضہ دے رکھاہے اور وہ دنیا بھر میں امریکہ کو سب سے زیادہ قرضے فراہم کرنے والے ملک کا درجہ حاصل کرچکاہے۔
امریکہ میں حالیہ ہفتوں میں کانگریس کی جانب سے قرضوں کی حد میں اضافے کی منظوری کے طریقہ کارپر چین اپنے تحفظات کا اظہا رکرتے ہوئے اسے ناکافی قرار دے چکاہے۔