رسائی کے لنکس

چین کا شمالی کوریا اور امریکہ کے معاہدے کا خیرمقدم


چین نے امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے جس کے تحت پیانگ یانگ کا کہناہے کہ وہ اپنے جوہری تجربات اور یورینیم کی افزودگی معطل کردے گا۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ہانگ لی نے جمعرات کے روز کہا کہ چین کو توقع ہے کہ اس معاہدے کے نتیجے میں جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے چھ ملکی مذاکرات کی جلد بحالی کی راہ ہموار ہوگی۔

ہانگ کا کہناہے کہ چین ، امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان مذاکرات کو سنجیدہ اور تعمیری سمجھتا ہے۔ لیکن ان کا یہ بھی کہناتھا کہ تمام متعلقہ فریقوں کے لیے سب سے اہم کام چھ ملکی مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے ٹھوس کوششیں کرنا ہے ، جوگذشتہ دو سال سے زیادہ عرصے سے رکے ہوئے ہیں۔

چین کے ساتھ ساتھ چھ ملکی مذاکرت میں امریکہ، شمالی کوریا، جنوبی کوریا ، جاپان اور روس بھی شامل ہیں۔

تازہ ترین معاہدہ جس کا اعلان بدھ کو کیا گیا تھا، بیجنگ میں امریکہ اور شمالی کوریا کے مذاکرات کاروں کے درمیان گذشتہ ہفتے دو ملاقاتوں کے بعد طے پایا ہے۔

امریکہ شمالی کوریا کو دولاکھ 40 ہزار ٹن غذائی امداد فراہم پر بھی متفق ہوگیا ہے۔ وہائٹ ہاؤس نے کہاہے کہ امریکی امداد ، جوہری طور پر غیر مسلح ہونے کے عمل کو آگے بڑھانے کے معاہدوں سے مشروط نہیں ہے۔

بیجنگ کی رین من یونیورسٹی میں بین لاقوامی تعلقات کے شعبے کے پروفیسر شی ین ہانگ کا کہناہے کہ ان کا خیال ہے کہ تازہ ترین معاہدہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ شمالی کوریا کے نئے راہنما جم جانگ اُن اپنے والد کی طرح عمل کریں گے جن کا گذشتہ سال دسمبر میں انتقال ہوگیاتھا۔

ان کا کہنا ہے کہ لچک کے مظاہرے اور داؤ پیچ کے استعمال کے ساتھ شمالی کوریا اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتاہے ۔ لیکن انہوں نے ماضی کے ٹوٹنے والے معاہدوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ امریکہ شمالی کوریا کے ساتھ مختصر عرصے کے لیے مطمئن رہ چکا ہے لیکن اسے کئی مرتبہ مایوسی کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے۔

انہوں نے تازہ ترین معاہدے کو ایک بڑے معاہدے کا نام دیتے ہوئے خبردار کیا کہ جب کم جانگ ال زندہ تھے تو اسی طرح کے معاہدے ہوتے اور ٹوٹتے رہے ہیں۔

چینی پروفیسر کا کہناہے کہ وہ پرامید ہیں اور تازہ ترین کوشش کو مثبت سمت میں ایک قدم کے طورپر دیکھ رہے ہیں۔ لیکن انہوں نے مزید کہا کہ ماضی کے تجربات کی بنا پر ان کی مثبت سوچ ایک خاص حد کے اندر ہے۔

XS
SM
MD
LG