رسائی کے لنکس

چینی صدر کے دورۂ امریکہ کا اعلان


فائل
فائل

چینی صدر کے دورۂ امریکہ کی تاریخ کا اعلان بدھ کو ان کی صدر براک اوباما کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کے بعد کیا گیا ہے۔

چینی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ صدر ژی جن پنگ رواں سال ستمبر میں امریکہ کا پہلا سرکاری دورہ کریں گے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی 'ژنہوا' کے مطابق چینی صدر کے دورۂ امریکہ کی تاریخ کا اعلان بدھ کو ان کی صدر براک اوباما کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کے بعد کیا گیا ہے۔

'ژنہوا' کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے دورے کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے اس سے قبل تیار ی مکمل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

'وہائٹ ہاؤس' سے جاری بیان میں کہا گیا ہے صدر اوباما نے اپنے چینی ہم منصب پر زور دیا کہ وہ چین کی معیشت میں اصلاحات متعارف کرائیں اور منڈی کو چینی کرنسی کی قدر کا تعین کرنے دیں۔

صدر اوباما نے اپنی گفتگو میں چین کے ساتھ دو طرفہ سرمایہ کاری کا معاہدہ کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

'وہائٹ ہاؤس' کے مطابق دونوں رہنماؤں نے سائبر سکیورٹی اور ایران کے جوہری پروگرام پر ایرانی حکومت اور بین الاقوامی طاقتوں کے درمیان مذاکرات پر بھی گفتگو کی۔

امریکہ نے کچھ عرصہ قبل ہی چینی ہیکرز پر امریکی کمپنیوں اور سرکاری اہداف پر سائبر حملوں کا الزام عائد کیا تھا جسے چین نے مسترد کردیا تھا۔

صدر اوباما نے چینی ہم منصب کے ساتھ گفتگو سے ایک روز قبل منگل کو سائبر سکیورٹی کے نگران ایک وفاقی ادارے کے قیام کا اعلان کیا تھا جو، وہائٹ ہاؤس کے مطابق، امریکہ کو لاحق سائبر خطرات کے تعین اور ان سے مقابلے کی حکمتِ عملی ترتیب دے گا۔

XS
SM
MD
LG