رسائی کے لنکس

برطانیہ : کرسمس کی تیاریاں اور خریداری


آکسفورڈ سرکس
آکسفورڈ سرکس

دنیا کی مشہور شاپنگ اسٹریٹ میں شمار ہونے والی آکسفورڈ اسٹریٹ پر موجود 100 سے زائد دکانداروں نے کرسمس سے قبل ہی صارفیں کے لیے 30 فیصد سے 75 فیصد تک رعایتی سیل کا آغاز کر رکھا ہے.

دنیا بھر میں مسیحی افراد ان دنوں کرسمس منانےکی تیاریوں میں مصروف ہیں ۔کرسمس کی آمد سے قبل پہلے جہاں گھروں کو دلہن کی مانند سجا دیا گیا ہے وہیں خود کو سنوارنے کے لیے بھی دل کھول کرخریداری کی جا رہی ہے ۔

برطانیہ میں کرسمس سے قبل اختتام ہفتہ شاپنگ کے حوالے سے مصروف ترین تھا۔ جبکہ توقع کی جا رہی ہے کہ پیر کے روز جب بازار رات دیر تک کھلے رہیں گے تو خریداروں کا ہجوم ایک بار پھر سے ہائی اسٹریٹ اور شاپنگ سینٹروں کا رخ کرے گا اور ایسے لوگ جن کی تیاری ابھی تک مکمل نہیں ہوئی ہے انھیں آخری چند گھنٹوں کی خریداری کا موقع مل سکے گا کیونکہ ہر سال کی طرح کرسمس ’ایوو‘ پر خریداری کے مراکز سہ پہر سے ہی بند ہو جائیں گے ۔


ہفتے اور اتوار کے روز لندن کے بڑے بڑے خریداری کے مراکز خصوصا مرکزی لندن کی کئی مشہور شاپنگ اسٹریٹس کی دوکانوں پر کرسمس کی سیل سے فائدہ اٹھانے والوں کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر نظر آیا۔ خریداروں کی شاپنگ میں بے پناہ دلچسپی کا راز ہائی اسٹریٹ کی دوکانوں کی رعایتی سیل تھیں۔

دنیا کی مشہور شاپنگ اسٹریٹ میں شمار ہونے والی آکسفورڈ اسٹریٹ پر موجود 100 سے زائد دکانداروں نے کرسمس سے قبل ہی صارفیں کے لیے 30 فیصد سے 75 فیصد تک رعایتی سیل کا آغاز کر رکھا ہے۔

جبکہ سابقہ شاپنگ ٹرینڈ کے مطابق کرسمس کے اگلے روز یعنی 26 دسمبر کو سال کی سب سے بڑی رعایتی سیل کرسمس کے اختتام پر ' باکسنگ ڈے ' کے نام سے لگائی جاتی تھی ۔

تاہم دکانداروں کا کہنا ہے کہ اس سال باکسنگ ڈے سے قبل بڑی بڑی رعایتی سیل خریداروں کی سہولت کے لیے لگائی گئی کیونکہ عام طور جو لوگ سال بھر باکسنگ ڈے کی سیل کا انتطار کرتے ہیں انھیں سستی اشیاء کے حصول کے لیے اکثر رات بھر دوکانوں کے باہر قطاریں لگانی پڑتی ہیں تاہم اس برس باکسنگ ڈے پر بھی اشیاء ہمیشہ کی طرح 70 سے 80 فیصد تک رعایتی نرخوں پر فروخت کی جائیں گی ۔

برطانوی روزنامہ ڈیلی میل کے مطابق ،صرف ہفتے کے روز 15 ملین افراد یا 31 فیصد برطانوی آبادی نے شاپنگ کی اور ہفتہ کے روز صارفین نے اے ٹی ایم کی مشینوں سے ایک ارب پونڈ کی رقم نکلوائی ۔


برطانوی خردہ نوش آرگنائزیشن کا کہنا تھا کہ ایک اندازے کے مطابق کرسمس کی خریداری کے آخری دنوں میں 4 ارب تک خریداری کی جائے گی۔

بتایا گیا ہے کہ ہائی اسٹریٹ کی دوکانوں کے علاوہ صارفین کی بہت بڑی تعداد نے آن لائن بھی خریداری کی اور آن لائن شاپنگ پر بھی اربوں پونڈ خرچ کیے گئے۔


کرسمس پر کپڑوں اور جوتوں کی سیل کے علاوہ بچوں کے کھلونوں اور الیکٹرانک مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے خاص طور پر ، موبائل فون ، ٹیبلیٹ ، کیمرے ،بڑی اسکرین کے ٹی وی اور واشنگ مشین کے علاوہ دیگر آلات پر بھی سو سے ڈیڑھ سو پونڈ تک کی کمی کی گئی ہے۔
XS
SM
MD
LG