سروں کے رنگ بکھیرتا بھارتی ٹی وی کا مشہور پروگرام "چھوٹے استاد" کا نیا سیشن اب پاکستان سے شروع ہورہا ہے۔ چھوٹے استاد میں بھارتی اور پاکستانی بچوں کے درمیان گلوکاری کا سخت مقابلہ کئی ہفتے تک جاری رہا اور آخر کار ایک میل اور دوسرا فی میل سنگر پاکستان اور بھارت سے جیت کا حقدار ٹھہرا۔
پروگرام میں جج کے فرائض پاکستان کے نامور فنکار راحت فتح علی اور بھارتی سنگر سونو نگم نے انجام دیئے تھے۔ اب دوسرے سیشن میں بھی راحت فتح علی خان ہی پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
پروگرام میں بھارت سے آنے والے بچے بھی اسی طرح شرکت کریں گے جس طرح پاکستانی بچے بھارت گئے تھے۔ پروگرام کی تیاری آخری مراحل میں ہے۔
چھوٹے استاد کو بھارت کی انتہا پسند تنظیم شیو سینا کی دھمکیوں کا سامنا تھا۔ شیو سینا کو پاکستانی جج اور بچوں کی شرکت پر سخت اعتراض تھا تاہم بعد میں چینل اور تنظیم کے درمیان مذاکرات کے بعد معاملہ رفع دفع ہوگیا تھا۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ چونکہ دونوں ہی ممالک میں انتہاپسندانہ سوچ کے حامل چند طبقے موجود ہیں لہذا پروگرام کے پاکستان سے شروع کئے جانے پر بھی اعتراضات کا سامنا ہوسکتا ہے۔
خود سونو نگم جب سن دوہزار دو، دوہزار تین کے دوران ایک لائیو کنسرٹ میں شرکت کرنے پاکستان آئے تھے تو کنسرٹ کے قریبی مقام سے کچھ دور بم دھماکا ہوا تھا جس کے بارے میں خیال کیا جارہا تھا کہ دھماکے کا مقصد کنسرٹ کو متاثر کرنا تھا کیونکہ شدت پسند عناصر سونو نگم کی پاکستان آمد اور لائیو کنسرٹ کرنے کے حق میں نہیں تھے۔