لندن کرسمس کی تعطیلات سے پہلے ہی کرسمس کے جادوئی برقی قمقموں سے جگمگا اٹھتا ہے جہاں ہرسال کرسمس کا استقبال روشنیوں کے ساتھ کیا جاتا ہے۔
اس بار بھی لندن کے بازار، گلیاں، گھر اور شاپنگ مالز سجاوٹ کے سامان سے بقعہ نور بنے ہوئے ہیں۔ ایسے میں دارالحکومت لندن پر دلہن کا سا گمان ہوتا ہے، جہاں رنگ و نور برساتی روشنیاں دیکھنے والوں کی آنکھوں کو خیرہ کر دیتی ہیں۔ کرسمس کی تیاریوں نے گویا شہر کی فضاؤں میں رنگ سا بھر دیا ہے جسے دیکھنے کے لیے ہزاروں لوگ شہر کی سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔
ٹرافالگر اسکوائر کا جگمگاتا کرسمس ٹری
سیاحوں کا محبوب شہر لندن اور یہاں کا مشہور چوک ٹرافالگر اسکوائر دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے ہمیشہ سے مرکز نگاہ رہتا ہے۔ لیکن کرسمس کے تہوار پر اس چوک کی رونقیں دیکھنے سے تعلق رکھتی ہیں۔
رواں برس ٹرافالگر اسکوائر کے مقام پر 8 دسمبر کی شام ہزاروں لوگوں کی موجودگی میں 70 فٹ اونچا کرسمس ٹری نصب کرنے کی ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ روایتی کرسمس ٹری کو 9,000 ایل ای ڈی برقی لائٹوں سے سجایا گیا ہے جسےویسٹ منسٹر کے میئر، ناروے کے سفیر اور اوسلو کے میئر نے ایک ساتھ مل کر روشن کیا۔ کرسمس کی تقریبات کے سلسلے میں برطانیہ کے 50 معروف پاپ میوزک بینڈز کی جانب سے ٹرافالگر اسکوائر پر ہر روز ایک گھنٹے کی پرفارمنس پیش کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ٹرافالگر اسکوائر پرکرسمس ٹری نصب کرنے کی روایت بہت قدیم ہے جس کا آغاز 1947 میں ہوا تھا۔ یہ روایتی کرسمس ٹری جنگ عظیم دوم میں برطانیہ کی جانب سے ناروے کی مدد کرنے پر نارویجن قوم کی طرف سے برطانوی عوام کے لیے شکریے کا تحفہ ہے جسے ہر سال اوسلو سے 700 میل کی دوری اور زمینی راستہ طے کرتے ہوئے لندن کی سڑکوں پر سے گزار کر ٹرافالگر اسکوائر لایا جاتا ہے۔
آکسفورڈ اسٹریٹ اور ریجنٹ اسٹریٹ پر کرسمس کی روشنیاں
لندن کے مشہور شاپنگ سینٹر 'آکسفورڈ اسٹریٹ' اور 'ریجنٹ اسٹریٹ' کی کرسمس پر تزئین و آرائش کو دنیا بھر میں شہرت حاصل ہے۔ اس شاہراہ پر عام دنوں میں ہی رنگ اور روشنیوں کا اژدھام اور سیاحوں کا ہجوم رہتا ہے لیکن فیسٹیول کے موقع پر یہاں رونقیں عروج پر پہنچ جاتی ہیں۔
لندن کے مصرف ترین بازار آکسفورڈ اسٹریٹ کی 300 سے زائد دوکانیں، تھیٹر، کیسینو اور کیفے کرسمس کے موقع پر روشنیوں سے جگمگا اٹھتے ہیں اور اپنے خریداروں کو شاندار نظارہ فراہم کرتے ہیں۔
رواں برس آکسفورڈ اسٹریٹ کو 55 ویں بار کرسمس کی خصوصی سجاوٹ کے ساتھ روشن کیا گیا ہے۔ چھ نومبر سے لندن کی مشہور شاپنگ اسٹریٹ کو 1778 برقی قمقموں اور 750,000 ایل ای ڈی لائٹس کے ساتھ سجا یا گیا ہے جبکہ ڈپارٹمنٹل اسٹورز بھی گاہکوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے سجاوٹ میں آگے آگے ہیں۔
کرسمس پر شاپنگ مالز کی سجاوٹ
حسب روایت کرسمس کی آمد سے بہت پہلے ہی لندن کے شاپنگ مالز کو رنگ برنگی بتیوں، برقی فانوسوں اور جگمگاتے قمقموں کے ساتھ سجا دیا گیا ہے۔ شاپنگ مالز جہاں ان دنوں خریداروں سے کھچا کھچ بھرے ہوئے ہیں وہیں بہت سے لوگ شاپنگ مالزکی سجاوٹ اور روشنیوں سے لطف اندوز ہونے کے لیے مالز کا رخ کرتےہیں۔
شاپنگ مالز کی فضا میں 'جینگل بیل جینگل بیل' اور 'وی وش یو آ میری کرسمس' جیسے ترانوں سے کرسمس کا رنگ رچ بس گیا ہے۔ رنگ برنگے برقی قمقموں کے علاوہ مالز میں سینتا کلاز یا 'فادر کرسمس' کے روپ میں لوگ بچوں کی تفریح کا سامان بہم پہنچا رہے ہیں۔
ہرسال کی طرح لندن کا ایک بڑا شاپنگ سینٹر 'ویسٹ فیلڈ مال' کرسمس کی خصوصی آرائشی چیزوں سے سجایا گیا ہے جہاں کرسمس کی تیاریوں کے حوالے سے برقی قمقموں کو روشن کرنے کے لیے ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں ہالی وڈ کی مشہور گلوکارہ ریٹا اورا نے اپنے ہاتھوں سے شاپنگ مالز کی کرسمس لائٹس آن کیں اور شاندار لائیو پرفارمنس کا مظاہرہ بھی کیا۔